پاکستان کے پانچ چیمبرز اور جدہ ایوان تجارت میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، خیبر پختونخوا اور ہری پور چیمبرزکے جدہ ایوان تجارت سے معاہدات طے پا گئے

ہفتہ 19 جنوری 2019 15:40

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) پاک سعودی مشترکہ تجارتی مشن کے اختتام پر جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان کے 5 چیمبرز کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ ان میں کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، اور خیبر پختونخوا اور ہری پور کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شامل ہیں۔سعودی ٹی وی کے مطابق مفاہمتی یادداشت کے تحت یہ چیمبرز سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے مل کر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

یہ چیمبرز تاجروں کو سہولت فراہم کرنے، معلومات کے تبادلے، اور دونوں ممالک کے درمیان کاروبار میں آسانی کیلئے سہولتوںکے حوالے سے فوکل پوائنٹس کے طور پر کام کریں گے۔جدہ چیمبر کی جانب سے نائب چیئرمین جدہ چیمبر مازن محمد ابراہیم بترجی اور وائس چیئرمین جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زیاد البسام نے یادداشتوں پر دستخط کئے، جبکہ پاکستان کی جانب سے چیمبروں کے متعلقہ صدور نے دستخط کئے۔سعودی برآمداتی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام ہونے والے اجلاسوں میں 36 پاکستانی اور 80 سعودی غذائی اور تعمیراتی کمپنیوں نے شرکت کی۔کمیشن کا مقصد دو طرفہ تجارتی روابط بڑھانے اور نئے تجارتی امکانات پر غور کرنا تھا۔