لنڈی کوتل،محکمہ کھیل ضلع خیبر کے زیراہتمام کم شلمان پریمیئر لیگ اختتام پذیر

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:52

لنڈی کو تل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) لنڈی کوتل کے دورافتادہ علاقہ کم شلمان میں محکمہ کھیل ضلع خیبر کے زیراہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا ،جس میں12 ٹیموں نے حصہ لیا،فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ سپورٹس منیجر راحدگل ملاگوری، اے سی محمد عمران ،حاجی نذیر جان شلمانی اور خیبر سپورٹس کلب کے صدر معراج الدین شینواری سمیت عمائدین علاقہ اور کثیر تعداد میں اہلیان علاقہ نے شرکت کی اور بہترین کھیل سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

(جاری ہے)

فائنل میچ میں پڑانگ درہ شیخان نے 12 اوورز میں 104 رنز بنائے جو شینواری ٹائیگرز نے آخری اوور میں پورا کر لیا۔اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر ڈاکٹر تسنیم عارف نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کٹس،ٹرافی اور مالی تعاون دینے پر ڈسٹرکٹ سپورٹس منیجر راحدگل ملاگوری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کم شلمان میں نوجوانوں کیلئے گراونڈ بنانے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر راہد گل ملاگوری نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں کیلئے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر جلد گراونڈ پر کام شروع کرینگے اور علاقہ میں آئندہ بھی اس طرح کے ٹورنامنٹس منعقد کرائینگے ،جس کیلئے محکمہ کھیل ضلع خیبر ہر قسم کا تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :