چیئرمین سینیٹ نے انسانی اعضاء اور ٹشوز کی پیوند کاری ایکٹ 2010ء میں مزید ترمیم کا بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا

پیر 21 جنوری 2019 23:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انسانی اعضاء اور ٹشوز کی پیوند کاری ایکٹ 2010ء میں مزید ترمیمی کا بل ’’انسانی اعضاء اور ٹشوز کی پیوند کاری (ترمیمی) بل 2018ء‘‘ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

(جاری ہے)

پیر کو سینیٹر محمد عتیق شیخ نے اس حوالے سے بل ایوان میں پیش کیا جس کی جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس بل پر اسلامی نظریاتی کونسل کا موقف سامنے آنا چاہئے۔

چیئرمین نے بل پر رائے شماری کی تو اس کے حق میں 16 اور مخالفت میں 6 ووٹ پڑے۔ اس دوران سینیٹر ساجد طوری نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ کورم پورا ہونے کے بعد سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سندھ میں اس حوالے سے پہلے ہی ایک بل کی منظوری دی گئی ہے بہتر ہے کہ اسے اتفاق رائے سے پورا کیا جائے جس پر چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ بل قائمہ کمیٹی کو بھجواتے ہوئے ایک ہفتہ میں اسے دوبارہ ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔