ایوان بالا میں بجٹ 2018-19ء میں محنت کشوں اور مزدوروں کی اعلان کردہ کم از کم اجرتوں پر عمل درآمد کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی قرارداد منظور

پیر 21 جنوری 2019 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) ایوان بالا نے بجٹ 2018-19ء میں محنت کشوں اور مزدوروں کے لئے اعلان کردہ کم از کم اجرتوں پر من و عن عمل درآمد کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی قرارداد کی منظوری دے دی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے سینیٹر سراج الحق اور سینیٹر مشتاق احمد خان نے اس حوالے سے قرارداد پیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کم از کم اجرت 15 ہزار مقرر کی گئی تھی جو بہت کم ہے لیکن اس پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ حکومت اس پر نظرثانی کرے اور کم سے کم اجرت پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ قرارداد کے خلاف نہیں ہیں لیکن عمل درآمد کے لئے سزا بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس وقت صرف 2 ہزار روپے جرمانہ کی سزا ہے۔ اس حوالے سے حکومت بل لائے گی۔ ایوان بالا نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔