Live Updates

سانحہ ساہیوال پر اعلیٰ افسران وزیراعلیٰ پنجاب کو مطمئن کرنے میں ناکام ہو گئے

افسران کی آئیں بائیں شائیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت برہمی کا اظہار کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 جنوری 2019 13:19

سانحہ ساہیوال پر اعلیٰ افسران وزیراعلیٰ پنجاب کو مطمئن کرنے میں ناکام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2019ء) : سانحہ ساہیوال پر ذمہ دار افسران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو مطمئن کرنے میں ناکام ہو گئے۔ ذمہ دار افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے آئیں بائیں شائیں کی تو وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ذمہ دار افسران کی اس رویے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انکوائری کمیٹی کی روشنی میں سخت اقدامات کرنے کا اعلان کر دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب سول سیکرٹریٹ میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت گذشتہ روز اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پنجاب پولیس ، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ سمیت انتظامی افسروں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کے ارباب اختیار سانحہ ساہیوال کے متعلق اطمینان بخش جواب نہ دے سکے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے اہم ترین معلومات پر آپریشن کیا۔

لیکن عام شہریوں کی حفاظت کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے ۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا اور نہ ہی بچوں اور خواتین کی موجودگی چیک کی۔ حفاظتی تدابیر اور پروٹوکول پر عملدرآمد ہونے سے بڑے نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ اہلکاروں کی جلد بازی کی وجہ سے معصوم جانیں بھی ضائع ہوئیں۔

دوسری جانب سانحہ ساہیوال پر تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کئی افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ آئی جی پنجاب کو تبدیل کیے جانے کا بھی قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کی مس ہینڈلنگ پر آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر اظہار برہمی کیا اور آئی جی پنجاب کی تبدیلی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو گرین سگنل دے دیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات