لاہور ہائیکورٹ،بلدیاتی نمائندوں کو اختیار اور فنڈز نہ دینے کے خلاف درخواست پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو نوٹس

منگل 22 جنوری 2019 18:50

لاہور۔22 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیار اور فنڈز نہ دینے کے خلاف درخواست پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 جنوری کو جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

جسٹس عابد عزیز شیخ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار محمد عظمت چوھدری نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں ایل ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے اختیارات واضح ہو چکے ہیں،عدالتی فیصلے کے باوجود غیر قانونی طور پربلدیاتی نمائندوں کے اختیارات اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی استعمال کر رہے ہیں،لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مطابق بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا اختیار ہے، اختیارات نہ ہونے کی وجہ سے لاہور کے 313 منتخب بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر پا رہے، حکومت نے 8 ماہ سے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز بھی جاری نہیں کئے،محکمہ بلدیات میٹروپولیٹن کے زونز سٹاف کے بار بار تقرر و تبادلے سے اضافی مالی بوجھ پیدا کر رہا ہے،استدعا ہے عدالت ایم این اے ایم پی ایز کو بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات استعمال کرنے سے روکے،عدالت لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت بلدیاتی نمائیندوں کو اختیارات دینے کا حکم دے ،جس پر عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 جنوری کو جواب طلب کر لیا۔