میزان بینک اور کیا لکی موٹرز پاکستان کے درمیان معاہدہ

’’کیا گرینڈ کارنیول‘‘ گاڑی کی پروموشن کیلئے مشترکہ مہم چلانے پر اتفاق

جمعرات 24 جنوری 2019 18:06

میزان بینک اور کیا لکی موٹرز پاکستان کے درمیان معاہدہ
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) میزان بینک اور کیا لکی موٹرز پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق معروف اسلامی بینک میزان بینک نے کیا لکی موٹرز پاکستان (KIA Lucky Motors) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔ معاہدے پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام اور کیا لکی موٹرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد فیصل نے دستخط کئے۔

اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی اور کیا لکی موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آصف رضوی بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت دونوں پارٹیوں نے ’’کیا گرینڈ کارنیول‘‘ گاڑی کی پروموشن کیلئے مشترکہ مہم چلانے پر اتفاق کیا ہے اور میزان بینک ملک بھر میں اپنے صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر کیا موٹرز کی گاڑی ’’کیا گرینڈ کارنیول‘‘ کی بروقت دستیابی کو یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام نے کہا کہ میزان بینک نے آسان ترین کار فنانسنگ فراہم کرنے کیلئے شرعی اصولوں کی روشنی میں میزان کار اجارہ متعارف کرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میزان بینک بینکنگ اقدار کے ساتھ سخت کریڈٹ معیار کو برقرار رکھنے کی حکمتِ عملی اور بہتر کسٹمر سروس کو برقرار رکھتے ہوئے تیز رفتار ڈیلوری کے اصول پر عمل پیرا ہے۔

اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے کہاکہ میزان بینک کیلئے یہ ایک اہم تقریب ہے جو کہ اسلامی آٹو فنانس مارکیٹ میں میزان بینک کی حکمتِ عملی کو نمبر 1 پوزیشن پر برقرار رکھتی ہے۔ کیا لکی موٹرز کے ساتھ میزان بینک کا معاہدہ ملک میں برانڈ پسند کرنے والی کثیر آبادی کیلئے لگژری گاڑی گرینڈ کارنیول کے حصول کو مزید سہل بنائے گا۔

میزان بینک اس معاہدے کے نتیجے میں اضافی خدمات اور فوائد سمیت بروقت گاڑیاں فراہم کرنے اور اپنے صارفین کو ابتدائی سروس مفت فراہم کرنے جیسی خدمات یقینی بنائے گا۔ واضح رہے کہ کیا لکی موٹرز پاکستان میں گاڑیوں کی اسمبلی اور مینوفیکچرنگ آپریشنز شروع کرنے کیلئے کیا موٹرز کارپوریشن جنوبی کوریا اور یونس برادرز گروپ پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ کیا موٹرز دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آٹو موبائل مینو فیکچررز میں سے ایک ہے۔