سروسز ہسپتال میں نوازشریف کے تمام ٹیسٹ کرائے جائینگے،ضرورت پڑنے پر پی آئی سی منتقل کیاجاسکتاہے‘فیاض الحسن چوہان

مریم نوازاورآل شریف پروپیگنڈا کررہے تھے کہ بہترسلوک نہیں کیاجارہا،پنجاب حکومت نے ایک فیصد بھی تعصب کا مظاہرہ نہیں کیا

ہفتہ 2 فروری 2019 17:39

سروسز ہسپتال میں نوازشریف کے تمام ٹیسٹ کرائے جائینگے،ضرورت پڑنے پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نوازشریف کوسروسز ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ضرورت پڑنے پر انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیاجاسکتاہے،پنجاب حکومت نے ایک فیصد بھی تعصب کا مظاہرہ نہیں کیا،سروسز ہسپتال میں نوازشریف کے تمام ٹیسٹ کرائے جائیں گے اور رو بصحت ہونے پر انہیں دوبارہ جیل منتقل کیاجائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق میڈیکل رپورٹ ملی ہے ،انسانی ہمدردی کے تحت نوازشریف کے لئے 3 میڈیکل بورڈ بنائے۔نواز شریف کوسروسز ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے مگر مسلم لیگ (ن) کے رہنماسروسز ہسپتال پر بھی اعتراض اٹھا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سروسز ہسپتال میں نوازشریف کے تمام ٹیسٹ کیے جائیں گے ،پی آئی سی سروسز کے بالکل ساتھ ہے، ضرورت پڑنے پر انہیں وہاں منتقل کیا جا سکتا ہے ۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم نوازاورآل شریف پروپیگنڈا کررہے تھے کہ بہترسلوک نہیں کیاجارہا۔واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جیل میں نوازشریف کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،کھانا پینا بھی انکے معالج کی ہدایت کے مطابق دیا جائے رہا ہے۔ جبکہ ملنے جلنے سمیت دیگر سہولتیں بھی دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایک فیصدبھی تعصب کامظاہرہ نہیں کیا، سروسز ہسپتال میں نوازشریف کے تمام ٹیسٹ کرائے جائیں گے اور ان کو رو بصحت ہونے پر دوبارہ جیل منتقل کیاجائیگا۔