عثمان خان شنواری بدترین ملکی ریکارڈ اپنے نام کرنے سے بال بال بچ گئے

پیسر نے پروٹیزکے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں انتہائی ناقص باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 4 فروری 2019 16:29

عثمان خان شنواری بدترین ملکی ریکارڈ اپنے نام کرنے سے بال بال بچ گئے
جوہانسبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 فروری2019ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر عثمان خان شنواری ایک بدترین ملکی ریکارڈ اپنے نام کرنے سے بال بال بچ گئے ۔ 25سالہ عثمان شنواری نے جنوبی افریقہ کے خلا ف دوسر ے ٹی ٹونٹی کے دوران پروٹیز کی اننگز کے آخری اوور میں29رنز دیئے ،یہ کسی بھی پاکستانی باﺅلر کی جانب سے ایک اوور میں دیئے گئے رنز کی دوسری بڑی تعداد ہے ۔

اس سے قبل آل راﺅنڈر بلاول بھٹی نے2014ءکے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلیا کے خلاف ایک اوور میں30رنز دیئے تھے ، فاسٹ باﺅلرمحمد سمیع نے 2010ءمیں آسٹریلیا کےخلاف ایک اوور میں28رنز دیئے تھے ۔ عثمان شنواری نے جنوبی افریقہ کےخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں4اوورز میں63رنز دیئے جو ایک ٹی ٹونٹی سپیل میں کسی بھی پاکستانی باﺅلر کی جانب سے دیئے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں،اس سے قبل قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر فہیم اشرف نے 4اوورز میں55رنز دیئے تھے ۔

(جاری ہے)

عثمان شنواری نے اننگز کے 20ویں اوور میں29رنز دیئے جو کسی بھی اننگز کے 20ویں اوور میں دیئے گئے رنز کی مشترکہ بڑی تعدادہے،اس سے قبل 2012ءمیں بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کے دوران بھی اننگز کے20اوور میں29رنز بنے تھے۔ یاد رہے کہ 3ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8رنز سے شکست دیکر سیریز میں2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے ۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے دیئے گئے 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز بابراعظم اور فخر زمان نے کیا لیکن 45 کے مجموعی سکور پر فخر زمان 14 رنز بنا کر بیرن ہینڈرکس کی گیند پر چھکا لگانےکی کوشش میں باﺅنڈری پر کیچ آﺅٹ ہو گئے،فخر زمان کے آﺅٹ ہونے کے بابراعظم نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 34 گیندوں پر ففٹی سکور کی جو انکے ٹی ٹونٹی کیرئیر کی 9یں نصف سنچری تھی۔

بابر اور حسین طلعت نے دوسری وکٹ کےلئے102رنز جوڑے جس کے بعد بابر اعظم13چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے58گیندوں پر90رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ،آصف علی ایک بار پھر ناکام رہے اورمحض2رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے،حسین طلعت نے اپنی دوسری ٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی جسکے بعد وہ مورس کا نشانہ بنے جنہو ں نے6رنز پر عماد وسیم کا بھی بوریا بستر سمیٹ دیا ،آخری اوور میں پاکستان کو جیت کےلئے 15 رنز درکار تھے جو پاکستان نہ بنا سکا اور اس طرح جنوبی افریقا نے میچ 7 رنز سے جیت لیا۔

اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کرنےکا فیصلہ کیا جسکے بعد پروٹیز کی جانب سے ریزا ہینڈرکس اور یانامن ملان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے ٹیم کو58رنز کا آغاز فراہم کیا جسکے بعد مالان33رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بنے، ہینڈرکس کا ساتھ دینے کےلئے وین ڈر ڈسن میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کےلئے32رنز جوڑے جسکے بعد ہینڈرکس 28رنز سکور کرکے شاداب خان کی شاندار فیلڈنگ کے باعث رن آﺅ ٹ ہوگئے،وین ڈر ڈسن اور کپتان ڈیوڈ ملر نے تیسری وکٹ کیلئے36رنز جوڑے جسکے بعد وین ڈرڈسن45رنز سکور کرکے شاہین آفریدی کا شکار بن گئے ،جنوبی افریقہ نے 17.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تاہم بارش تھمتے ہی میچ دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

ڈیوڈ ملر نے 29 گیندوں پر 65 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، انکی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔جنوبی افریقا نے آخری 5 اووز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 73 رنز بٹورے جبکہ مقررہ 20 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز سکور کیے۔پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دیکر ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا جبکہ عثمان شنواری اور حسن علی مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے، عثمان شنواری نے 4 اوورز میں 63 اور حسن علی نے 4 اوورز میں 48 رنز دیئے۔