حمزہ شہباز نے لندن قیام میں توسیع کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

بیٹی کی طبیعت خراب ہے، علاج کے لیے بیرون ملک قیام کرنا ہے 14روز کے لیے مزید قیام کی اجازت دی جائے. درخواست میں موقف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 11 فروری 2019 14:38

حمزہ شہباز نے لندن قیام میں توسیع کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 فروری۔2019ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے لندن قیام میں توسیع کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے. اعظم نذیر تارڑ ایڈوکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حمزہ شہباز کی نومولود بیٹی کی طبیعت خراب ہے، حمزہ شہباز کو بیٹی کے علاج کے لیے بیرون ملک قیام کرنا ہے.

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیٹی کی طبیعت ٹھیک ہوتے ہی حمزہ شہباز واپس آجائیں گے اور ساتھ ہی عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حمزہ شہباز کو 14 روز مزید بیرون ملک قیام کی اجازت دے.

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت درخواست منظور کرکے 14 دن توسیع منظور کرے. خیال رہے کہ عدالت نے حمزہ شہباز کو 10 دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی اور وہ ان دنوں لندن میں موجود ہیں.

حمزہ شہباز کی درخواست میں وفاقی حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے‘یاد رہے کہ عدالت کی اجازت کے بعد 3 فروری 2019 کو حمزہ شہباز نجی دورے پر برطانیہ چلے گئے تھے. اس سے قبل 11 دسمبر 2018 کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کو قطر ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے دوحہ جانے سے روک دیا تھا. 15 جنوری 2019 کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے حکومت کی جانب سے ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس پر عدالت نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی.

خیال رہے کہ عدالت نے حمزہ شہباز کو 10 دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی اور وہ ان دنوں لندن میں موجود ہیں. حمزہ شہباز کی درخواست میں وفاقی حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے