ہہ روزہ عالمی میری ٹائم کانفرنس کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی

میری ٹائم چیلنجز اور بدلتا ہوا جغرافیائی منظر نامہ بحر ہند کے شراکت داروں کیلئے نئے چیلنجز کا موجب ہے،پرویز خٹک کا اختتامی سیشن سے خطاب

پیر 11 فروری 2019 18:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) ’’بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاست ۔ بحر ہند میں میری ٹائم محرکات پر غوروفکر ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سہ روزہ عالمی میری ٹائم کانفرنس کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کا انعقاد نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز نے پاک بحریہ کی سربراہی میں کیا جو کثیر الملکی میری ٹائم مشق " امن 2019 " کا حصہ تھی۔

کانفرنس کے اختتامی دن کے مو قع پر وفاقی وزیر برائے دفاع ،جناب پرویز خٹک مہمان خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بھی اختتامی سیشن میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی و زیر دفاع نے کہا کہ عصر حاضر کے میری ٹائم چیلنجز اور بدلتا ہوا جغرافیائی منظرنامہ خطے کے شراکت داروں کے لئے نئے چیلنجز اور خطرات کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ صورتحال ایک تعمیری بحث اور اس کے نتیجے میں ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ کانفرنس نے دنیا بھر سے آئے اسکالرز کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جہاں وہ عصری بحری چیلنجز پر غور کر سکیں اور بحری امور میں اپنے خیالات کا تبادلہ کر سکیں۔ مہمان خصوصی نے اپنے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ کانفرنس کے دوران منعقد ہونے والے مباحثے اور قیمتی تجاویز میر ی ٹائم شراکت داروں کو میری ٹائم پالیسی سازی کے لئے بصیرت عطا کر یں گی۔

وزیر دفاع نے کانفرنس میں شریک ہونے والے تمام مہمانوں ، پینل ممبرز اور وفود کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کو مبارک باد پیش کی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ خطے میں حالیہ ابھرتی ہوئی بحری صورتحال کے تناظر میں پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی اور خوشخالی کا باعث بنے گا۔

سی پیک اور گوادر پورٹ کی ترقی کے ساتھ جنوبی بحر ہند میں بحری سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک محفوظ بحری ماحول اور سمندری تجارت کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ قبل ازیں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے ڈائریکٹر جنرل ،وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) سید خاور علی شاہ نے کانفرنس کے دوران پیش کئے جانے والے مقالوں کا خلاصہ پیش کیا۔

انہوں نے قیمتی وقت نکالنے اور تقریب میں شرکت کرنے پر مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ مختلف پینلز کیے سربراہان نے تجاویز بھی پیش کیں۔ چھٹی کثیرالقومی بحری مشق اامن 2019 کے تحت، تین روزہ09-11) فروری( بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں دنیا بھر سے نامور اسپیکرز اور مبصرین کو اکٹھا کیا گیا تاکہ وہ بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاست پر غور کریں اور بحر ہند کے معاشی وسائل اور بحری تحفظ پر ان کے اثرات کا جائزہ لے سکیں۔تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں دنیا بھر سے وفود، مسلح افواج کے افسران، اسکالرز ، محقیقین اور مقامی میڈیا کے علاوہ بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔