Live Updates

پی ٹی آئی رکن اسمبلی ریاض فتیانہ نے شیخ رشید سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر ڈالا

وفاقی وزیر ریلوے اگر پی اے سی کے چئیرمین بننا چاہتے ہیں تو وزارت سے مستعفی ہوجائیں،ریاض فتیانہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 11 فروری 2019 19:08

پی ٹی آئی رکن اسمبلی ریاض فتیانہ نے شیخ رشید سے مستعفی ہونے کا مطالبہ ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-11 فروری 2019ء) : پی ٹی آئی رکن اسمبلی ریاض فتیانہ نے شیخ رشید سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید اسپیکر قومی اسمبلی سے معافی مانگیں ، وفاقی وزیر ریلوے اگر پی اے سی کے چئیرمین بننا چاہتے ہیں تو وزارت سے مستعفی ہوجائیں۔تفصیلات کے مطابق شیخ رشید پہلے ہی سے پی اے سی کا ممبر بننے کے خواہش مند تھے جس پر تحریک انصاف کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے کو پی اے سی کا ممبر نامزد کردیا گیا لیکن بعد میں تحریک انصاف کے اندر سے شیخ رشید کو پی اے سی کا ممبر بنانے کے خلاف باتیں ہونے لگیں ۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید اور رہنماء ن لیگ خواجہ سعد رفیق کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شیخ رشید اور خواجہ سعد رفیق کو کمیٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں بدنظمی نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید اور خواجہ سعد رفیق کیمعاملے پر حکومت اوراپوزیشن سے بات کی ہے۔

حکومت اور اپوزیشن کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کیا ہے کہ شیخ رشید اور خواجہ سعد رفیق کوپبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔اس پر شیخ رشید بھی اسپیکر کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد اسپیکر کا استحقاق نہیں ہے کہ وہ مجھے پی اے سی کا ممبر بننے سے روکیں ۔دوسری جانب یہ بھی خبر آئی کہ وزیر ریلوے مسلسل بیانات داغنے میں تو مصروف لیکن، لیکن رکنیت کے حصول کیلئے تاحال قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیا اور نہ ہی رکنیت کے لیے درخواست دی ہے۔

اب شیخ رشید کے درخواست نہ دینے کی اہم ترین وجہ بھی سامنے آگئی ہے اور وہ یہ پی اے سی کے کسی بھی رکن نے شیخ رشید کے لیے نشست چھوڑنے کی حامی نہیں بھری ۔ریاض فتیانہ کی جگہ شیخ رشید کو ممبر بنایا جانا تھا تاہم ریاض فتیانہ نے بھی شیخ رشید کے لیے نشست چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔انکا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو پی اے سی کا ممبر بنانا ایک نیا جھگڑا شروع کرنے کے مترادف قرار دے دیا۔

انہوں نے نہ صرف اپنی نشست چھوڑنے سے انکار کیا ہے بلکہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پر تنقید کرنے پر شیخ رشید کو مستعفی ہونے کا کہا ہے ۔انکا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو چاہیے کہ وہ اسپیکر کو تنقید کا نشانہ بنانے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے معافی مانگیں ۔انکا مزید کہنا تھا کہ وہ نہ صرف معافی مانگیں بلکہ اگر ان کو پی اے سی کے چئیرمین کے لیے آنا ہے تو انکو وزارت سے مستعفی ہونا چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات