سپریم کورٹ آف پاکستان نے گنے کے کاشتکاروں کو سرکاری ریٹ پر ادائیگی کرنے کا حکم جاری کر دیا

منگل 12 فروری 2019 17:07

سپریم کورٹ آف پاکستان نے گنے کے کاشتکاروں کو سرکاری ریٹ پر ادائیگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے گنے کے کاشتکاروں کو سرکاری ریٹ پر ادائیگی کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ منگل کو سپریم کورٹ میں گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دور ان عدالت نے تمام کین کمشنرز کو ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے کاشتکاروں کو 160 روپے فی من کے حساب سے ادائیگی ہوگی۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کہا کہ سندھ کے کاشتکاروں کو ادائیگی ہائی کورٹ حکم کے مطابق ہو گی، عدالت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل ایک ماہ میں مقرر کرنے کا حکم دیا۔کاشتکاروں کے وکیل نے عدالت کہا کہ شوگر ملز والے کاشتکاروں کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں۔جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ شوگر ملز ادائیگیاں نہیں کرتیں تو کاشتکار انہیں گنا کیوں دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ کاشتکار گنے کی جگہ کوئی اور فصل اگا لیں، عدالت کاشتکاروں کو تنگ کرے گی نہ مل مالکان کو۔سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس نمٹاتے ہوئے گنے کے کاشتکاروں کو سرکاری نرخوں پرادائیگی کرنے کا حکم دیا۔