رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں نئی ایکسرے مشین فراہم کر دی گئی جبکہ مخیر حضرات معاشرے کا اہم حصہ ہیں

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 12 فروری 2019 18:37

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھو کھر) مخیر حضرات معاشرے کا اہم حصہ ہیں، سرکاری اداروں کے ساتھ نجی تنظیمیں اور سول سوسائٹی معاشرے کی فلاح کے لئے کام کرتے ہیں، رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کو ٹی ایچ کیو کا درجہ حاصل کروانے کے لئے سمری وزیر اعلی پنجاب کو بھجوا دی ہے تاکہ دینہ کی عوام کے صحت کی بہترین سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں نئی ایکسرے مشین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کا اصل مقصد ان تمام لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جنہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں عوام کی فلاح کے نیک کام میں حصہ لیا ہے۔تقریب میں ایم پی اے راجہ یاور کمال، چوہدری فوق شیر باز ، اسسٹنٹ کمشنر دینہ شہزاد محبوب، چوہدری انور ہڈالی ،چوہدری ضمیر ،مسکین شاہ،منیجنگ ڈائریکٹر ڈی مارٹ دینہ امجد محمود سیٹھی ،سماجی رہنما چوہدری محبوب حسین اور شکیل نظامی اور ڈاکٹرز حضرات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم پی اے راجہ یاور کمال نے ایکسرے مشین کا عطیہ کرنے والے حضرات کو زبردست سراہا، تقریب میں ڈپٹی کمشنرجہلم محمد سیف انور جپہ، ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال نے ایم ڈی ڈی مارٹ امجد سیٹھی ،سماجی رہنما چوہدری محبوب اور شکیل نظامی کو تعریفی اسناد بھی پیش کیں۔