Live Updates

وزارت قومی صحت کا وفاقی دارالحکومت میں پھل دار پودے لگانے کا فیصلہ

ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد میں1000پھلدار پودے لگائے جائیں گے،عامرمحمودکیانی

منگل 12 فروری 2019 19:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) وزارت قومی صحت نے وفاقی دارالحکومت میں پھل دار پودے لگانے کا فیصلہ کیا ہے ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد میں1000 پھل دار پودے لگائے جائیں گے۔ یہ بات وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے فضل الحق روڈ کی گرین بیلٹ پر پھل دار پودے لگانے کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پھل دار پودے فضل الحق روڈ کی گرین بیلٹ پر لگائے جائیں گے۔

وزارت صحت و مقامی آبادی پودوں کی دیکھ بھال کی ذمے دار ہو گی۔ اس شجر کاری مہم میں جامن، آڑو، امرود، لوکاٹ، آلوبخارہ، چیکو کے پودے لگائے جائیں گے۔ عامر محمود کیانی نے کہاکہ پھل دار شجر کاری وزیر اعظم کے بلین ٹری سونامی منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں مزید مقامات پر پھل دار پودے لگائے جائیں گے شجر کاری مہم کا مقصد گلوبل وارمنگ سے مقابلہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اور پورے پاکستان کو سر سبز شاداب کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 10 ارب درخت لگانے کی مہم سے آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچایا جا سکتا ہے۔سر سبز وشاداب پاکستان وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا عزم ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ درخت لگانا سنت اور صدقہ جاریہ ہے درخت موسمی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی آلودگی کو روکنے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیر صحت نے عوام پر زور دیا کہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو کامیاب بنائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات