Live Updates

مشکل وقت ضرورت ہے لیکن ملک کا مستقبل روشن ہے ، سابق حکمران ایسے حالات پیدا نہ کرتے تو حج مفت کردیتے ، عمران خان

این آر او ون اور این آر او ٹو سے کرپٹ لوگوں کاخوف ختم ہوگیا،گیس کی قیمت بڑھانے پر تنقید کرنے والوں کوشرم آنی چاہئے۔گیس کی قیمت نہیں بڑھاتے تو گیس بند ہوجاتی، گیس کی سالانہ پچاس ارب کی چوری ہوتی ہے ، وزیر اعظم کا پاکستان ریلوے لائیو ٹریکنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 12 فروری 2019 20:57

مشکل وقت ضرورت ہے لیکن ملک کا مستقبل روشن ہے ، سابق حکمران ایسے حالات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ مشکل وقت ضرورت ہے لیکن ملک کا مستقبل روشن ہے ، سابق حکمران ایسے حالات پیدا نہ کرتے تو حج مفت کردیتے ، حکومت اپنے اخراجات کم کررہی ہے ، ہماری سوچ ہے کہ عام آدمی کوغربت سے نکالاجائے ، این آر او ون اور این آر او ٹو سے کرپٹ لوگوں کاخوف ختم ہوگیا، شیخ رشید ریلوے میں چوری اور کرپشن سے متعلقہ کیسز نیب کوبھیجیں، اقتصادی معاشی زونز سے ملکی حالات بہتر ہونگے۔

گیس کی قیمت بڑھانے پر تنقید کرنے والوں کوشرم آنی چاہئے۔گیس کی قیمت نہیں بڑھاتے تو گیس بند ہوجاتی، گیس کی سالانہ پچاس ارب کی چوری ہوتی ہے ، تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے لائیو ٹریکنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری سوچ ہے کہ عام آدمی کوغربت سے نکالا جائے، حکومت میں 6 ماہ ہونے والے ہیں اور نئے پاکستان میں لوگوں کو غربت سے نکالنا چاہتے ہیں، نئے پاکستان میں عام آدمی کی زندگی آسان ہونی چاہئے ، ٹرین کے ذریعے عام آدمی سفر کرتا ہے ، ہم نے عام آدمی کے سفر کو آسان بنانا ہے ، ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرناہے ، پہلے سی پیک ایک سڑک اورچار پاور اسٹیشنوں کا نام تھا ، اب سی پیک کے تحت چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں کام کریں گے ، پہلے کسی کو پکڑے جانے کا خوف نہیں تھا ، حکومت اپنے اخراجات کم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ٹوٹل قرضہ چھ ہزار ارب لیا گیامگر پچھلے دس سالوں میں یہ قرضہ 30ہزار ارب روپے پر چلا گیا جس کا روزانہ سود ہم چھ ارب روپے ادا کررہے ہیں، دس سال میں لئے گئے قرضے لوگوں کی جیبوں میں گئے کیونکہ پتہ تھا کہ کسی نے پوچھنا ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ حج کے حوالے سے تنقید کی جارہی ہے لیکن اگر ملک پر اتنے قرضے نہ چڑھے ہوتے تو ہم حاجیوں کو حج پر مفت بھیجتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیر اعظم ہائوس کا خرچہ تیس فیصد کم کیاہے ، اس کے ساتھ ہم نے ایک آڈیٹر بھی بٹھایا ہواہے کہ ہر طرح کاخرچہ کم کرے ، میں نے تمام وزارتوں سے کہاہے کہ اپنے خرچے کم کرو، ہروزارت کودس فیصد خرچے کم کرنے ہیں کیونکہ یہ پیسہ ہمارے عوام کاہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گیس کے بل اس لئے زیاد ہ آئے کہ گیس پر قرضے چڑھے ہوئے ہیں ، گیس سیکٹر پر157 ارب روپے کے قرضے ہیں اور 50 ارب روپے کی سالانہ گیس کی چوری ہے لہٰذا گیس کی قیمتیں نہ بڑھاتے توگیس کمپنیاں بند ہوجاتیں۔

اس لئے جو لوگ گیس کی قیمت بڑھانے پر تنقید کررہے ہیں ، ان کوشرم آنی چاہئے۔ اس وقت مشکل وقت ہے لیکن میں لوگوں کوبتانا چاہتاہوں کہ آگے اس ملک کا مستقبل روشن ہے ، حکومت ریلوے کی مدد کریگی اور باہر سے بھی ریلوے میں سرمایہ کاری لانے کی کوشش کی جائیگی تاکہ عام آدمی کیلئے سفر میں آسانی ہو۔ وزیر اعظم نے اس موقع وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں کرپشن اور چوری کے کیسز نیب کوبھیجے جائیں ، این آر او ون اور این آر او ٹو سے کرپٹ لوگوں کاخوف ختم ہوگیاہے۔وزیراعظم کا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریلوے میں جوکرپشن اور چوری ہوئی اس کے کیسز نیب کو بھجوائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات