Live Updates

حکومت ،پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے لیے پر عزم ہے،شہزاد اکبر

11 ارب ڈالر کے اثاثوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے جس کی ریکوری کے لیے اس سال ہی اقدامات اٹھائے جائیں گے،معاون خصوصی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 12 فروری 2019 22:59

حکومت ،پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے لیے پر عزم  ہے،شہزاد اکبر
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-12 فروری 2019ء) : وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ حکومت ،پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے لیے پر عزم ہے۔ 11 ارب ڈالر کے اثاثوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے جس کی ریکوری کے لیے اس سال ہی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اسی سال ملک سے باہر گئی دولت کی ریکوری کے لیے اقدامات اٹھانے کا عندیہ دے دیا۔

وہ نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان سے باہر جانے والی دولت کو واپس لانا ہماری ترجیح ہے۔انکا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مختلف ممالک سے بات چیت چل رہی ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جلد ہی اس حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے جائیں،انکا کہنا تھا کہ میں ابھی حال ہی میں برطانیہ سے ہو کر آیا ہوں اور خاصی امید بندھی ہے کہ ہم اپنے مشن میں کامیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ 11 ارب ڈالر کے اثاثوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے۔انکا کہنا تھا کہ ابھی بہت سا کام ہونا باقی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جعلی اکاونٹس کے لیے بنی جے آئی ٹی نے بھی بہت سے انکشافات کئیے ہیں جن کے سرے یواے ای ،برطانیہ اور امریکا میں نکلتے ہیں تو ان سب تک رسائی اور انکی واپسی ایک مشکل کام ہے کیونکہ آپکو مختلف مراحل سے گزرنا پڑتاہے تاہم اگر ہمارے پاس بنیادی شواہد موجود ہوں گے تو ان اثاثوں کو واپس لانا آسان ہوگا۔انکا کہنا تھا کہ ابھی تو مختلف چیزیں سامنے آ رہی ہیں تاہم یہ یقین دلاتاہوں کہ اس ریکوری کے لیے آپکو ہماری حکومت کے آخر تک انتظار نہیں کرنا ہو گا بلکہ اس سال کے اندر اندر ہی ریکوری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات