مقبوضہ کشمیر‘بھارتی پولیس نے کپواڑہ سے حریت کارکن کو گرفتار کرلیا

جمعرات 14 فروری 2019 12:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے ضلع کپواڑہ سے ایک معروف حریت کارکن کو گرفتار کرلیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس کی ایک ٹیم نے حریت کارکن محمد اکرم کو ضلع میں ہندواڑہ کے علاقے کرال گنڈ میں ایک چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔ ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ محمد اکرم کل جماعتی حریت کانفرنس کا کارکن ہے اور وہ 2015سے گرفتاری سے بچتا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار نے کہاکہ اس پر آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔ ادھر نامعلوم مسلح افراد نے ترل کے علاقے نوپورہ میں ایک شہری لطیف احمد کو گولی مار کر زخمی کردیا۔دریںاثناء بھارتی فوج نے ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی ۔ بھارتی فوج کی 22راشٹریہ رائفلز ، سینٹرل ریزروپولیس فورس اور اسپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکاروںنے رفیع آباد کے علاقے رحمت آباد میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔