نواز شریف نے سعودی ولی عہد کی طرف سے ملنے والے پیکج کا کریڈٹ اپنے ذمے لے لیا

سعودی ولی عہد نے امدادی پیکج ہمارے ساتھ طے کیا تھا،سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی بات چیت ہمارے دور میں فائنل ہوئی تھی البتہ بین الاقوامی معاملات طے ہونے میں وقت لگتا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 14 فروری 2019 15:12

نواز شریف نے سعودی ولی عہد کی طرف سے ملنے والے پیکج کا کریڈٹ اپنے ذمے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 فروری2019ء) سابق وزیراعظم نواز شریف سے آج کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کوٹ لکھپت جیل میں کارکنان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی بات چیت ہمارے دور میں ہوئی تھی۔ اور سعودی ولی عہد نے امدادی پیکج بھی ان کے ساتھ طے کیا تھا البتہ بین الاقوامی معاملات طے ہونے میں وقت لگتا ہے۔

سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ہمارے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہی ہے ،ان لوگوں کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے ،مجھے وہ ٹی وی دیاہے جس پر کوئی خبر نامہ نہیں آتا، عدالتی کارروائی دیکھنے سے محروم ہوں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ملاقاتیں کرنے والے پارٹی رہنمائوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

بارش کے موسم میں نوازشریف کا موڈ بھی خوشگوار ہو گیا ۔انہوں نے کہا کہ صبح سات بجے سیل کھلا تو بارش کے سہانے موسم سے خوب لطف اندوز ہوا، اگر جیل سے باہر ہوتا تو برف باری کو انجوائے کرتا۔ نواز شریف نے سہانے موسم میں دل کی بات بتاتے ہوئے کہا کہ صبح ہوتی ہے شام ہوتی زندگی یوں ہی تمام ہوتی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ اگلے جمعہ تک رہائی مل گئی تو رائے ونڈ جاتی امراء جائوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وہ ٹی وی دیاہے جس پر کوئی خبر نامہ نہیں آتا، پی ٹی وی میں کوئی خبر نہیں آتی عدالتی کارروائی دیکھنے سے محروم ہوں ۔نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ہمارے منصوبوں پر اپنے نام کی تختی لگا رہی ہے، ہیلتھ کارڈ پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ (ن) لیگ کا منصوبہ ہے ان لوگوں کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے ۔اس موقع پر سینیٹررپروفیسر ساجد میر نے نوازشریف کی جلد رہائی کیلئے دعا بھی کروائی۔