پرویز مشرف کی بے نظیر قتل کیس میں جائیداد ضبطگی معاملہ ،عدالت کی سابق صدرکے بنک اکاؤنٹس سے ٹرانزکشن کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت

جمعہ 15 فروری 2019 17:38

پرویز مشرف کی بے نظیر قتل کیس میں جائیداد ضبطگی معاملہ ،عدالت کی سابق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) انسداد دہشگردی کی خصوصی عدالت کے جج سابق صدر پرویز مشرف کی بے نظیر قتل کیس میں جائیداد ضبطگی معاملہ پر آئندہ سماعت پر سابق صدرکے بنک اکاؤنٹس سے ٹرانزکشن کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ جمعہ کو انسداد دہشگردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اصغر خان نے ایف آئی اے کی استدعا پر کیس کی سماعت ۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ عدالت سابق صدر کی جائیداد تفصیلات کے لئے مزید وقت فراہم کرے۔پراسیکیوٹر نے کہاکہ ایک ماہ قبل سابق صدر کے فارم ہاؤس پانچ پلاٹوں اور آٹھ سے زائد بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت میں داخل کی تھیں۔ ایف آئی اے 2016 کے بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات میں نمایاں کمی پر عدالت کے استفسارپر جواب داخل نا کرا سکی ۔ایف آئی اے کے مطابق غیر ملکی بنک کی متعلقہ برانچ سے معلومات حاصل کر رہے ہیں ۔عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر سابق صدرکے بنک اکاؤنٹس سے ٹرانزکشن کی تفصیل فراہم کریں۔بعد ازاں مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔