بھارتی پولیس نے پلوامہ میںبیگناہ کشمیری نوجوانوںکی گرفتاری کا سلسلہ تیز کر دیا

پولیس نے ضلع کے راہمو، اونتی پورہ ، کاکہ پورہ اور دیگر علاقوں میں چھاپے ما کر مزید سولہ نوجوان گرفتار کر لیے

اتوار 17 فروری 2019 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جنوبی ضلع پلوامہ میں بیگناہ کشمیری نوجوانوںکی گرفتاری کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور جمعرات کو ضلع کے لیتھ پورہ علاقے میں ہونے والے دھماکے کے بعد سے اب تک بیسیوں نوجوانوں کو گرفتار کر کے عقوبت خانوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔لیتھ پورہ دھماکے میں بھارتی پیرا ملٹری کے چالیس سے زائد اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے ضلع کے راہمو، اونتی پورہ ، کاکہ پورہ اور دیگر علاقوں میں چھاپے ما کر مزید سولہ نوجوان گرفتار کر لیے ۔ قبل ازیں مڈورہ، لاری بل، ، مر ہامہ اور دیگر علاقوںمیں گھروں پر چھاپے مار کر تیرہ نوجوان گرفتار کیے گئے تھے۔ مقامی افراد کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکار رات کے وقت گھروں پر چھاپے مار کر نہ صرف نوجوانوںکو گرفتار کررہے ہیں بلکہ بلا لحاظ جنس و عمر اہلخانہ کو مار پیٹ کا بھی نشانہ بنارہے ہیں۔

(جاری ہے)

لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی پکڑ دھکڑ سے بچے کیلئے علاقے کے نوجوان روپوش ہونے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قابض فورسز کے اہلکاروں گھروں پر چھاپوں کے دوران نوجوانوں کو گرفتار اور اہلخانہ کی مارپیٹ کے علاوہ قیمتی گھریلو اشیا ء اور گاڑیوں کی بھی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔