Live Updates

صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کا8ارب روپے کی لاگت سے پنجاب کے 8بڑے اضلاع میں وزیراعظم ہیلتھ اقدامات کا اعلان

ریجنل صحت مراکز، بنیادی صحت مراکز اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں ایمرجنسی، نرسری و دیگر شعبہ جات کو ازسرنو جدید بنیادوں پر استوار کیا جائے گا صحت مراکز میں آئندہ 2000 بھرتی کئے جانے والے ڈاکٹرز میں چائلڈ سپیشلسٹس، میڈیکل افسران، ڈبلیوایم او، نرسز، ڈسپنسرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز،آیایاز اور سکیورٹی گارڈز شامل ہونگے ‘صوبائی وزیر صحت کی پریس کانفرنس

پیر 18 فروری 2019 18:45

صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کا8ارب روپے کی لاگت سے پنجاب کے 8بڑے اضلاع ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ 8ارب روپے کی لاگت سے پنجاب کے 8 بڑے اضلاع میں مریضوں کو ہسپتالوں میں سہولت دینے کی خاطر وزیراعظم ہیلتھ اقدامات اٹھا رہے ہیں، ریجنل صحت مراکز، بنیادی صحت مراکز اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں ایمرجنسی، نرسری و دیگر شعبہ جات کو ازسر نو جدید بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آرمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب امجد حسین اور سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب مدثر ریاض بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر مزید کہا کہ پہلے فیز میں پنجاب کے آٹھ اضلاع اٹک، میانوالی، جھنگ، ڈی جی خان، چنیوٹ، لودھراں، قصور اور راجن پور میں صحت مراکز کی حالت بدل کر مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں دوران زچگی بچوں کی اموات کی شرح خوفناک حد تک تجاوز کر چکی ہے جس کی بنیادی وجہ دیہی علاقوں کے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا فقدان ہے اور سابقہ حکومتوں نے اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ ان صحت مراکز کے لئے کبھی سوچ بچار ہی نہیں کیا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اعلیٰ بصیرت اور دردل کے جذبہ کے تحت پنجاب کے آٹھ اضلاع میں صحت مراکز پر بڑے بجٹ کے ساتھ سہولیات کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔

بچوں میں پولیو وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ والدین کو بچوں کو بروقت پولیو کے قطرے پلا کر اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ آج سے پنجاب کے چار اضلاع میں پولیو مہم شروع کر دی گئی ہے جس میں گلی گلی محلہ محلہ جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ صحت مراکز کو اپ گریڈ کرنے کے بعد بغیر کسی تعطل 24گھنٹے سروس مہیا ہو گی۔

وزیراعظم ہیلتھ اقدامات کے بعد ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے گا۔ دیہی علاقوں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی کمی پوری کرنے کے لئے 2000 سٹاف کی بھرتی کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔ فیزون میں ہسپتالوں میںبنیادی صحت سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ رواں سال کے جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ 30 اپریل تک بنیادی صحت مراکز کو 24گھنٹے کے لئے فنکشنل کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان میں اداروں کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ تمام ہسپتالوں میں مریض دوسرے ہسپتالوں کی پہنچنے کی بجائے اسی ہسپتال میں علاج معالجہ کی ہدایت کی گئی ہے۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جناح ہسپتال میں نوازشریف کا علاج معالجہ میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہیں رکھی جا رہی۔

سابقہ حکومت نے تیس سال سے صرف اداروں کا بیڑہ غرق کیا ہے۔ آج ہسپتالوں کی حالت سنجیدگی اور درد دل سے بدلی ہوتی تو ان کو اپنے اور بچوں کے علاج معالجہ کے لئے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہ رہتی۔ نوازشریف کے علاج معالجہ کے لئے تین سینئر پروفیسرز کو تعینات کیا گیا ہے۔ 22 فروری سے پورے پنجاب میں صحت سہولت کارڈ متعارف کروا رہے ہیں جس سے غربت کی لکیر سے نچلے طبقہ کو شعبہ صحت میں ریلیف ملے گا اور وہ 7لاکھ 20 ہزار روپے تک مفت علاج معالجہ کروا سکیں گے۔ حکومت دوسرے فیز میں تنخواہ دار طبقہ کے لئے بھی صحت سہولت کارڈ متعارف کروائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات