نواز شریف کی انجیو گرافی کہاں ہوگی یہ فیصلہ ان کی فیملی کو کرنا ہے. ڈاکٹر عدنان

میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کے کارڈیک کیتھی ٹرائزیشن ٹیسٹ کی سفارش کی ہے. ذاتی معالج کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 فروری 2019 14:21

نواز شریف کی انجیو گرافی کہاں ہوگی یہ فیصلہ ان کی فیملی کو کرنا ہے. ڈاکٹر ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 فروری۔2019ء) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہاہے کہ نواز شریف کی انجیو گرافی کہاں ہوگی یہ فیصلہ ان کی فیملی کو کرنا ہے. مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کا لاہور کے جناح ہسپتال میں چھٹے روز بھی علاج جاری ہے، ان سے ملنے اور خیریت دریافت کرنے ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان جناح ہسپتال پہنچ گئے.اس موقع پر ڈاکٹر عدنان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو گردوں کے علاوہ اصل مسائل دل کےہیں،ان کی انجیو گرافی کا فیصلہ ان کی فیلی کرے گی.

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈاکٹر عدنان نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کے کارڈیک کیتھی ٹرائزیشن کرنے کی سفارش کی ہے، کیتھی ٹرائزیشن سے حرکت قلب اور شریانوں کی اندرونی جانچ کی جاتی ہے‘انہوں نے کہا کہ یہ ٹیسٹ انجائنا کی علامات کے پیش نظر مزید مینجمنٹ کے لئے کیا جاتا ہے. انہوں نے مزید کہا کہ کیتھی ٹرائزیشن ٹیسٹ کے دوران دل کی سرجری کا بھی بندوبست کرنے کا کہا گیا،سفارش کی گئی ہے کہ دل کے معائنے کے دوران نفرالوجسٹ بھی ہونا لازم ہے،مریض کی ہارٹ سرجری ہوچکی،کئی بیماریوں میں مبتلاہونے کی میڈیکل ہسٹری بھی ہے.

دوسری جانب ایک نجی ٹی وی نے ہسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نواز شریف کی انجیوگرافی اور دیگر ٹیسٹ کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں. نواز شریف کے طبی معائنے کے حوالے سے میڈیکل بورڈ لائحہ عمل طے کرچکا ہے،انجیو گرافی کیلئے محکمہ داخلہ اور نواز شریف کے جواب کا انتظار کیا جارہا ہے. جناح ہسپتال میں پولیس کی اضافی نفری کے ساتھ نواز شریف کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں.