مسلسل بارش سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ‘عثمان بزدار

نکاسی آب کے کاموں میں غفلت قطعا برداشت نہیں کی جائیگی،افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں

جمعرات 21 فروری 2019 15:01

مسلسل بارش سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بارشوں کے باعث مختلف حادثات اور واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں ہدایت کی ہے کہ مسلسل بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔وزیراعلی عثمان بزدار نے ملتان، فاروق آباد سمیت دیگر شہروں میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ۔

وزیراعلی نے مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ایلیمنٹری سکول گوجرانوالہ کے سٹاف روم کی چھت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ کی تحقیقات کرکے جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے چھت گرنے کے باعث ایک ٹیچر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹیچر کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے ۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ،انتظامی افسران ،ٹریفک پولیس حکام ،واسا،پی ڈی ایم اے ،ریسکیو 1122اوردیگر متعلقہ اداروں کے حکام عوام کی مشکلات دورکرنے کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہیں،نشیبی علاقوں اور سڑکوں سے نکاسی آب کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی فوری طور پر نکال کر رپورٹ دی جائے،شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے ، نکاسی آب کے کاموں میں غفلت قطعا برداشت نہیں کی جائے گی۔افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔