ایگاٹیکس پاکستان نمائش 26 فروری سے ایکسپو سینٹر میں شروع ہو گی

30 سے زائد ممالک کی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں، چین اور ترکی کے الگ پویلین ہوں گے

جمعرات 21 فروری 2019 16:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) جنوبی ایشیاء کی سب سے بڑی و منظم گارمنٹ اور ٹیکسٹائل مشینری کی نمائش ایگاٹیکس پاکستان 26 سے 28 فروری کو ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہو گی۔ فیکٹ ایگزیبیشنز کے تحت منعقد ہونے والی اپنے تسلسل کی یہ 12 ویں نمائش ٹیکسٹائل مشینری کے مینوفیکچررز کو اپنی ٹیکنالوجی براہ راست خریداروں کو پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

اس سے نا صرف تجارت بڑھے گی بلکہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بھی ترقی ملے گی۔ نمائش میں 20 ہزار سے زائد ٹریڈ وزیٹرز کی آمد متوقع ہے جو نمائش میں شریک 500سے زائد ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی کے سپلائزر سے ملیں گے۔ ایونٹ میں 30 سے زائد ممالک کی کمپنیاں اپنی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائیں گی۔ بیرون ممالک سے آنے والا سب سے بڑا وفد چین کا ہو گا جس کے ارکان میں 119 مہمان شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد اٹلی سے 92 ، جرمنی سے 75، جاپان اور سوئٹزرلینڈ سے 25، 25 مہمان شریک ہوں گے۔ نمائش میں شرکت کرنے والے دیگر ممالک میں فرانس، بیلجیئم، آسٹریا، کوریا، برطانیہ، امریکہ، برازیل، تھائی لینڈ اور دیگر شامل ہیں۔ نمائش میں ترکی اور چین کے خصوصی پویلین بھی قائم ہوں گے۔ چینی پویلین زیجیان صوبے کے ڈپارٹمنٹ آف کامرس کی جانب سے لگایا جائے گا جہاں ان کی بہترین کمپنیاں ٹیکسٹائل فنشنگ، نان وونز، اسپننگ اینڈ گارمنٹس ٹیکنالوجیز سے متعلق اپنی مشینری کی نمائش کریں گی۔

نمائش کے موقع پر عالمی کانفرنس بھی منعقد ہو گی جس میں عالمی ماہرین اپنے مقالے پیش کریں گے۔ایشیاء کے وسط میں موجود ہونے کے ناطے پاکستان خطے میںسرمایہ کاری کا سب سے موضوع ملک بن گیا ہے اور اس کی ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ میں بھی ایک الگ پہچان بن گئی ہے۔ پاکستان ایشیا میں ٹیکسٹائل کا آٹھواں بڑا ایکسپورٹر بن گیا ہے۔ یہ سیکٹر ملکی قومی پیداوار میں 8.5 فیصد حصہ شامل کرتا ہے اور ملک میں 40 سے 49 ملین لوگوں کو روزگار دیتا ہے۔ پاکستان کپاس کا چوتھا بڑا پیداواری ملک ہے اور چین کے بعداسپننگ کی صلاحیت رکھنے والا ایشیا میں تیسرا بڑا ملک ہے۔ پاکستان دنیا کی مجموعی اسپننگ صلاحیت کا پانچ فیصد پیداکرتا ہے۔