بھارتی سپریم کورٹ میں کشمیریوں پر حملے سے متعلق درخواست کی سماعت

کشمیری طلبا کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ سپریم کورٹ کا حکم ، مرکزی حکومت اور 11 ریاستوں کو نوٹس بھی جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 14:35

بھارتی سپریم کورٹ میں کشمیریوں پر حملے سے متعلق درخواست کی سماعت
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) : بھارتی سپریم کورٹ میں کشمیریوں پر حملے سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کے حق میں حکم دے دیا۔ اور معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے  مرکزی حکومت اور 11 ریاستوں کو نوٹس جاری کر دیا۔نوٹس جموں اینڈ کمشیر، مہاراسٹرا، پنجاب، اترکنڈ، بہار، اتر پردیش، ہریانہ، میگھا لایا، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) کی ریاستوں کو جاری کیا گیاجس میں کشمیری طلبہ پر حملوں کو روکنے میں ان کی مداخلت کے لیے دائر درخواست پر جواب طلب کیا گیا ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ کشمیری طلبا کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ مرکزی وزارت داخلہ تمام ریاستی حکومتوں کو یہ انتباہ جاری کرے کہ وہ اپنی متعلقہ ریاستوں میں کشمیریوں کا تحفظ یقینی بنائیں، ساتھ ہی ریاستی پولیس کے سربراہان کو کشمیریوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے تحفظ کے لیے ریاستی پولیس کے سربراہان فوری طور پر اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ پلوامہ میں بھارتی فورس پر حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر تشدد اور انہیں ہراساں کرنے کے لیے کئی واقعات سامنے آئے تھے۔14 فروری کو ہونے والے پلوامہ حملے میں بھارتی فورس کے اہلکاروں کی ہلاکت نے بھارتی فوج کو آپے سے باہر کر دیا تھا، یہی نہیں بلکہ انتہا پسند ہندوؤں نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیریوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور کئی کشمیریوں کو ہراساں بھی کیا گیا تھا جس کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔