وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار (کل )ڈیرہ غازی خان میں صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کریں گے

جمعہ 22 فروری 2019 18:46

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار (کل )ڈیرہ غازی خان میں صحت انصاف کارڈ پروگرام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کل بروز ( ہفتہ ) کو ڈیرہ غازی خان میں صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کریں گے اور اس ضمن میں غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان میں کل صبح تقریب منعقد ہوگی۔ وزیراعلیٰ تقریب کے دوران مستحق افراد کو صحت انصاف کارڈ دیں گے۔

(جاری ہے)

صحت انصاف کارڈکے تحت مستحق خاندان کو سالانہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک علاج کی سہولت حاصل ہو گی جبکہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے ڈیرہ غازی خان کے 2 لاکھ 42 ہزار خاندان کو علاج معالجے کی سہولت ملے گی۔

صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریب شہری اپنا اور اپنے خاندان کا مفت علاج کرائیں گے جس کے تمام اخراجات حکومت ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صحت انصاف کارڈ کے ذریعے تمام بیماریوں کے علاج کی سہولت دے رہی ہے اور صحت انصاف کارڈ پروگرام کے تحت گھر سے ہسپتال اور ہسپتال سے گھر تک آمد و رفت کے اخراجات بھی دیئے جائیں گے۔صحت انصاف کارڈ حکومت کا احسن اقدام ہے جس کا مقصد کم وسیلہ افراد کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔