مریدکے میں تین لڑکیوں کی نوجوان لڑکے سے زیادتی

نقدی اور موبائل چھین کر برہنہ حالت میں اوورہیڈ برج سے نیچے پھینک دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 25 فروری 2019 16:39

مریدکے میں تین لڑکیوں کی نوجوان لڑکے سے زیادتی
مریدکے (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 فروری 2019ء) : مریدکے میں تین لڑکیوں کی ایک نوجوان لڑکے سے زیادتی کا انوکھا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ریانپورہ مرید کے جی ٹی روڈ کے رہائشی نوجوان عمر کو تین لڑکیوں نے مبینہ طور پر بس سٹاپ سے اغوا کیا ۔ اور اغوا کرنے کے بعد نوجوان کو جنسی خواہش کے ٹیکے لگائے ۔ اغوا کار لڑکیوں نے نوجوان عمر کو نشہ آور مشروب پلایا اور جنسی خواہش پوری کرکے مرید کے نارووال روڈ پر موجود اوورہیڈ برج کے اوپر سے مکمل برہنہ کرکے پھینک دیا اور فرار ہو گئیں۔

نوجوان کو دیکھ کر کچھ لوگ اس کے پاس آئے اور برہنہ نوجوان کو تشویش ناک حالت میں مرید کے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ نوسر بازی کی واردات ہے، اور اس حوالے سے ہم شواہد اکٹھے کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسپتال میں زیر علاج نیم بے ہوش نوجوان عمر نے بتایا کہ اوورہیڈ برج سے نیچے پھینکنے سے پہلے اغوا کار لڑکیوں نے تین ہزار پانچ سو روپے کی نقدی اور موبائل فون بھی چھین لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکیوں سے متعلق ابتدائی معلومات حاصل کر لی گئی ہیں بہت جلد ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد مریدکے کے شہریوں نے کافی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے اس ملک میں اس قسم کے واقعات افسوسناک ہیں۔ لڑکے تو دور اب لڑکیاں بھی اس طرح کی گھناؤنی حرکتیں کرنا شروع ہو گئی ہیں جو معاشرے کی تباہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اغوا کار لڑکیوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس واقعہ کو لے کر سوشل میڈیا پر بھی بحث کا آغاز ہو گیا ہے ۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس گھناؤنے واقعہ کی مذمت کی ہے۔