پی ایس ایل4:عمر خان بڑے بڑے بلے بازوں کے لیے ڈراﺅنا خواب بن گئے

لیفٹ آرم سپر اب تک ڈیویلیئرز،شین واٹسن،کورے اینڈرسن اور لیوک رونکی جیسے کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 مارچ 2019 18:15

پی ایس ایل4:عمر خان بڑے بڑے بلے بازوں کے لیے ڈراﺅنا خواب بن گئے
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 مارچ 2019ء) پاکستان سپر لیگ 4 نے گزشتہ تین برسوں کی طرح نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانےکی روایت برقرار رکھی ہے اور اس سال سامنے آنے والے ناموں میں کراچی کنگز کے 18 سالہ لیفٹ آرم سپنر عمرخان قابل ذکر ہیں۔عمرخان کو کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بھرپور انداز میں استعمال کرنے میں ناکام رہے ہیں لیکن نوجوان باﺅلر کو جتنا بھی موقع ملا ہے انھوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے،ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں عمرخان سے صرف دو اوورز کرائے گئے جن میں انہوں نے صرف 9 رنز دے کر شان مسعود کو آﺅٹ کیا تھا،لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں عمر خان نے 4اوورز میں محض 25 رنز دےکردو وکٹیں حاصل کیں جن میں اے بی ڈی ویلیئرز کی قیمتی وکٹ بھی شامل تھی،کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے جوابی میچ میں ایک اور بڑی وکٹ نوجوان عمر خان کے حصے میں آئی، اس بار ان کے ہاتھوں آﺅٹ ہونےوالے نیوزی لینڈ کے جارحانہ بیٹسمین کورے اینڈرسن تھے جو22رنز بناکر عمرخان کی گیند پر دھوکہ کھاکر سٹمپ آﺅٹ ہوگئے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےخلاف میچ میں عمر خان آسٹریلوی بیٹسمین شین واٹسن کی اہم وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ کےخلاف کراچی کنگز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس میچ میں بھی عمرخان نے متاثرکن باﺅلنگ کرتے ہوئے لیوک رونکی اور حسین طلعت کو آﺅٹ کیا۔عمرخان کا کہنا تھا کہ انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران سوچا تو صرف یہی تھا کہ اے بی ڈی ویلیئرز کو باﺅلنگ کرنی ہے لیکن انھیں آﺅٹ بھی کرنے پر میں بہت خوش ہوں، سینئرکھلاڑیوں نے کہا تھا کہ ڈی ویلیئرز جب پیچھے ہٹیں تو انہیں شاٹ کھیلنے کےلئے زیادہ جگہ مت دینا اور میں نے وہی کیا تھا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سابق فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم اس نوجوان باﺅلر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ عمرخان نے اسی طرح محنت جاری رکھی تو ان کا مستقبل روشن ہے۔فاٹا سے تعلق رکھنے والے عمرخان کے والد کی ٹائر پنکچر کی دکان تھی لیکن اپنے بیٹے کا شوق پورا کرنے کےلئے انھوں نے ان کی قدم قدم پر رہنمائی اورحوصلہ افزائی کی ۔عمرخان سابق لیفٹ آرم سپنر ندیم خان کی دریافت ہیں جواس نوجوان باﺅلرکی صلاحیتوں سے متاثر ہوکر انہیں یونائیٹڈ بینک کی ٹیم میں لے آئے جہاں سے وہ سوئی سدرن گیس کی ٹیم میں شامل ہوئے،عمرخان کا فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز بہت متاثر کن تھا جس میں انہوں نے پشاور کی دوسری اننگز میں صرف 37 رنز دےکر چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔