کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی اشتہاری قرار

عدالت نے ماڈل ایان علی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 9 مارچ 2019 11:24

کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی اشتہاری قرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 مارچ 2019ء) : کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دے دیاگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت جج ارشد حسین بھٹہ نے کی، سماعت میں ایان علی کے وکیل آفتاب باجوہ، بیرسٹر سرفراز علی اور دونوں ضامن شوکت عباس اور محمد نواز پیش ہوئے۔ عدالت کا ملزمہ کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کو 2 ماہ کا وقت دے چکے مگر وہ پھر بھی نہیں آئیں۔

ماڈل نے جو ایڈریس دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ملزمہ ایان علی کی جائیداد کی تفصیلات دی جائیں۔ دوران سماعت عدالت کی جانب سے کسٹمز افسران سے حلف لیا گیا۔ عدالت نے دریافت کیا کہ بتایا جائے کہ اشتہار ملزمہ کے گھر پر لگایا گیا یا نہیں؟ سماعت میں ایان علی کے وکیل نے عدالت سے آئندہ سماعت کی تاریخ طلب کی جس پر عدالت نے جج نے ریمارکس دیے کہ آپ عدالتی حکم کا انتظار کریں۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ مجسٹریٹ تعینات کیا جائے، مجسٹریٹ ملزمہ کے فلیٹ کی فروخت روکنے پر متعلقہ محکموں کو پابند کرے۔ ملزمہ کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے گئے اور مزید کارروائی کے لیے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ کرنسی اسمگلنگ کیس کی مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔ یاد رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، کسٹم حکام نے جب ان کا سامان چیک کیا تو اس میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالرز برآمد ہوئے تھے۔

گرفتاری کے بعد ایان علی کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا ۔ ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت اور لاہور ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواست دائر کی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔ جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی دوسری درخواست کا فیصلہ ماڈل کے حق میں آیا جس کے بعد انہیں عدالت کے حکم پر جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایان علی نے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا اور انہیں بیرونِ ملک جانے کی اجازت بھی دی تھی۔