Live Updates

فواد چودھری کو وزارت اطلاعات کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

بابراعوان کومشیر اطلاعات بنائے جانے کا امکان، فواد چودھری کوکوئی اور وزارت دی جائے گی۔ ذرائع وزیراعظم ہاؤس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 مارچ 2019 18:34

فواد چودھری کو وزارت اطلاعات کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مارچ 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ مشیر اطلاعات بابراعوان کو بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وفاقی حکومت نے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جس کے تحت سینئر قانون دان بابر اعوان کو مشیر اطلاعات بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تاہم بابر اعوان کی نامزدگی کو نندی پور کیس میں کلیئرنس سے مشروط قرار دیا گیا ہے۔ بابر اعوان کیخلاف نندی پور کیس میں فیصلہ اسی ہفتے متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فواد چودھری کوکسی اور وزارت کا قلمدان سونپا جائے گا۔ واضح رہے فواد چودھری اور نعیم الحق کے درمیان ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی پر اختلاف تھے۔

(جاری ہے)

جس پر نعیم الحق اور فواد چودھری کے درمیان ٹویٹر پر ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی بھی کی گئی۔

فواد چودھری متعدد بار کہہ چکے کہ سیاسی فیصلے کرنے کا حق منتخب نمائندوں کا ہوتا ہے۔ اسی طرح اگر بابر اعوان کو دیکھا جائے تو بابر اعوان پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں سابق وزیرقانون بھی رہ چکے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے ساتھ ہی ان کو معاون خصوصی وزیراعظم نامزد کیا گیا تھا لیکن بابر اعوان نے نندی پور کیس میں الزامات کے باعث اپنے عہدے سے رضاکارانہ استعفٰی دے دیا تھا۔ بابر اعوان سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید کو بھی وزارت اطلاعات کا قلمدان سونپے جانے کی اطلاعات تھیں۔ تاہم بابر اعوان کی تعیناتی کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات