زلزلے ،سیلاب ،حادثات سمیت کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کے مابین مربوط رابطے اور تعاون کو بڑھایا جائے ،این ایچ این

استعداد کار میں اضافے سے ہی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جاسکتا ہے ، سول سوسائٹی میں ناگہانی صورتحال سے نمنٹنے کے لئے آگاہی لازمی جزو ہے ،یونین کونسل کی سطح پر عام عوام کی آگاہی کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کا قومی سطح پر نیٹ ورک تشکیل دیا جائے، غیرسرکاری تنظیم

جمعرات 14 مارچ 2019 22:03

ٖاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2019ء) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای)،پنجاب ایمرجنسی سروسز( ریسکیو 1122) ، پی ڈی ایم ایزاور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے آگاہی فراہم کرنے والی تنظیم نیشنل ہیومینٹرین نیٹ ورک ( این ایچ این) نے زور دیا ہے کہ زلزلے ،سیلاب ،حادثات سمیت کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کے مابین مربوط رابطے اور تعاون کو بڑھایا جائے ،استعداد کار میں اضافے سے ہی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جاسکتا ہے ، سول سوسائٹی میں ناگہانی صورتحال سے نمنٹنے کے لئے آگاہی لازمی جزو ہے ،یونین کونسل کی سطح پر عام عوام کی آگاہی کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کا قومی سطح پر نیٹ ورک تشکیل دیا جائے۔

نیشنل ہیومینٹرین نیٹ ورک ( این ایچ این) کے زیر اہتمام گذشتہ روز ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کی "مانیٹرنگ اینڈ ایولویشن ورکشاپ" کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میںنیشنل ہیومینٹرین نیٹ ورک این ایچ این کی کوآرڈنیٹر ثنا ذوالفقار ، این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر ریسپانس میجر امجد اقبال ، این ڈی ایم اے کے ممبر ڈی آر آر ادریس محسود ،ریسکیو 1122ملتان کے ایمرجنسی آفیسرز، اے ڈی پی سی کے کنٹری منیجر ساجد نعیم ،فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ڈاکٹر عرفان ،میڈیا کے نمائندوں ،یونیورسٹیوں کے شعبہ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران،پاکستان ریزلنس پاٹنرشپ (پی آر پی )فورم کے نمائندوں کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں کے حکام شریک تھے۔

ورکشاپ میں تیکنیکی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل کی تیاری میں بہتری کے لئے تجاویز دینے کے لئے مختلف گروپس تشکیل دیئے گئے جنہوں نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔گروپ کی جانب سے تیار کی گئی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انفرادی ،تنظیمی اور مجموعی طور پر کاوشوں کی ضرورت ہے ،انفرادی سطح پرآگاہی کے ساتھ ساتھ استعداد کار میں اضافہ کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی اداروں کا کردار بھی ضروری ہے۔

این ڈی ایم اے کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ استعداد کار میں اضافہ ہی واحد زریعے ہے جو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔سفارشات میں کہا گیا کہ متعلقہ اداروں کے علاوہ دیگر اداروں کے ساتھ بھی تجربات کا تبادلہ ہونا چاہیے تا کہ باقی ادارے بھی کسی ایسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت ریسپانس اور ریکوری ضروری ہے اس لئے حائل رکاوٹیں بروقت دور ہونی چاہیں۔