اسد عمر کاایف اے ٹی ایف کوبھارت سے متعلق خط درست قدم ہے،میاں زاہد حسین

پاکستان کی جانب سے بھارتی دہشتگردی کے ٹھوس ثبوت نظر انداز کرنا بین الاقوامی ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعہ 15 مارچ 2019 18:13

اسد عمر کاایف اے ٹی ایف کوبھارت سے متعلق خط درست قدم ہے،میاں زاہد حسین
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹر یل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل ایف پی سی سی آئی کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس بین الاقوامی ادارہ ہے جو دنیا بھر میں منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف اقدامات کرتا ہے اور ان کی بنیاد پر مختلف ممالک کو گرین، گرے یا بلیک لسٹ میں شامل کرتا ہے۔

پاکستان کی سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک نے ٹھوس ثبوت کے ساتھ FATFسے درخواست کی کہ بھارت کے خلاف انکوائری کی جائے، جس پر FATFنے جواب دیا کہ کسی کی شکایت پر کسی ملک کے خلاف انکوائری انکے مینڈیٹ سے باہر ہے جو سراسر غلط ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے خلاف امریکی شکایت پر FATFنے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کیا ہے، جبکہ پاکستان نے ثبوت کے ساتھ بھارت کے خلاف انکوائری کی درخواست کی جس کو مسترد کیا گیا جو بین الاقوامی ادارے کی دہری پالیسی اور سیاسی مقاصد کا پول کھولنے کے لئے کافی ہے۔

میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میںکہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف بنائی گئی انکوائری کمیٹی کا کو چیئر ہے اور اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کرتے ہوئے پورا زور لگارہا ہے کہ پاکستان کو FATFبلیک لسٹ کردے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے بھارت کو پاکستان کے لئے بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی کو چیئر سے ہٹانے کے اصولی مطالبے میں بھی یہ موقف اپنایا ہے کہ بھارت اپنی پاکستان دشمنی کے باعث پاکستان کو معاشی ترقی سے روکنے کے لئے اپنی پوزیشن کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف سازش کرنے میں مصروف ہے۔

بین الاقوامی کمیونٹی پاکستان کے خلاف FATFکے بین الاقوامی فورم کو استعمال کرنے کا نوٹس لے اور پاکستان کے خلاف بھارت کے سیاسی سٹنٹ کوناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں کسی سے مخفی نہیں ہیں۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 6ہزار فوجی جوانوں سمیت 50ہزار سے زائد شہریوں کی جانی قربانیوں کے ساتھ ساتھ 130ارب ڈالر کامعاشی نقصان اٹھایا، جس کا دنیا بھر نے اعتراف کیا ہے۔

منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ روکنے کے لئے پاکستانی اداروں بشمول ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور ایف آئی اے نے کئی اہم اقدامات کئے جس کے مثبت نتائج سے FATFکو وقتاً فوقتاً آگاہ کیا گیا ہے۔2015سے اب تک 4ہزار کے لگ بھگ مشتبہ ٹرانزیکشنز کو روکا گیا ہے جس میں سے تقریباً12سو یعنی 32فیصد صرف 2018میں روکی گئی ہیں جو بہت بڑی کامیابی ہے اور مزید اقدامات بھی تیزی سے کئے جارہے ہیں ۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو سیاسی اور سفارتی روابط مضبوط کرنے کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی رائے کو پاکستان کے حق میں موڑنے کے لئے تمام وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے اور بھارت کی پاکستان دشمنی کو دنیا پر واضح کرنے کا لائحہ عمل بنانے کے ساتھ ساتھ FATFکے سفارشات کے عملی نفاذ کو بھی مد نظر رکھا جائے تاکہ پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کی اس سازش کا قلعہ قمع کیا جاسکے۔