نیوزی لینڈ حملے: پاکستانی شہری دہشتگرد سے لڑتے ہوئے شہید

حملے میں بیٹا بھی شہید

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 16 مارچ 2019 10:31

نیوزی لینڈ حملے: پاکستانی شہری دہشتگرد سے لڑتے ہوئے شہید
کرائسٹ چرچ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2019ء) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں حملے کے دوران 2 پاکستانیوں کی شہادت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے نعیم راشد اور 18 سالہ بیٹا طلحہ کی شہادت سے متعلق نیوزی لینڈ کے حکام نے آگاہ کیا۔ نعیم اور طلحہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ حکومت نے شہید کی اہلیہ کو باضابطہ طور پر فون کرکے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اہل خانہ کا مزید کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ حکام بتایا کہ نعیم مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کو روکنے کے دوران شہید ہوا، جب کہ حملے میں بیٹا طلحہ بھی شہید ہوا۔ بھائی ڈاکٹر خورشید نے بھائی اور بھتیجے کی شہادت کی تصدیق کر دی۔ ڈاکٹر خورشید کے مطابق بھائی نعیم راشد وہاں ٹیچر تھے جبکہ بھتیجا طالبعلم تھا، دونوں مسجد نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے گئے تھے کہ دہشت گرد کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔

کرائسٹ چرچ میں مساجد پر سفید فام شہری کے دہشت گرد حملے میں 45 سے زائد مسلمان شہید ہوئے۔ سفید فام آسٹریلوی شہری نے دہشت گردی کی تمام کارروائی سوشل میڈیا ویب سائٹ پر براہ راست نشر کی۔ پولیس نے سفید فام شہری کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جہاں اُسے 5 اپریل تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔