سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے نیوزی لینڈ واقعے کی کڑی مذمت

نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کے نام پیغام میں شہادتوں پر تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 16 مارچ 2019 14:24

سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے نیوزی لینڈ واقعے کی کڑی مذمت
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ 2019ء) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نیوزی لینڈ کی مساجد میں گزشتہ روز ہونے والی دہشت گردی کو گھناؤنا جُرم قرار دیتے ہوئے جہاں اس کی مذمت کی گئی ہے وہاں معصوم نمازیوں کی شہادتوں پرنیوزی لینڈ کی گورنر جنرل اور عوام سے بھی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے نیوزی لینڈ کی گورنر جنرل پیٹسی ریڈی کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردانہ حملے کی اطلاع سُن کر بہت صدمہ پہنچا ہے۔ ہم اس گھناؤنے مجرمانہ حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ شاہ سلمان نے اپنے اس پیغام میں نیوزی لینڈ کی حکومت، شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور عوام سے سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے دِلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ۔

(جاری ہے)

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس دُکھ کی گھڑی میں سعودی عرب اپنے دوست مُلک نیوزی لینڈ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جو مملکت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع بھی ہیں، اُن کی جانب سے بھی نیوزی لینڈ کی گورنر جنرل کے نام ایک تعزیتی پیغام جاری کیا گیا جس میں دہشت گردانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر دُکھ اور اظہار کیا گیا ہے۔ دُوسری جانب سعودی عرب کے ممتاز علماء کی کونسل کی جانب سے بھی نیوزی لینڈ واقعے کو دہشت گردی اور نسل پرستانہ سوچ کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی گئی ہے۔