شین واٹسن جاتے جاتے پاکستانیوں کے دل بھی ساتھ لے گئے

پی ایس ایل کے پانچ ہفتے بہت شاندار رہے اور کراچی کا دورہ بہترین تھا:آل راﺅنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 مارچ 2019 14:24

شین واٹسن جاتے جاتے پاکستانیوں کے دل بھی ساتھ لے گئے
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18مارچ ۔2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا میلہ کراچی میں سجا تو پاکستانیوں کی خوشی دیدنی تھی مگر جب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راﺅنڈر شین واٹسن نے بھی پاکستان آنے کا اعلان کر دیا تو پاکستانیوں کی جیسے ’عید‘ ہو گئی اور ہر کوئی ان کا شکریہ ادا کرنے لگا۔

(جاری ہے)

شین واٹسن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فائنل میں پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا مگر وہ فائنل میچ میں خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے لیکن جب وہ آﺅٹ ہوئے تو پشاور زلمی کے اوپنر امام الحق نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی جس پر پاکستانی غصے سے آگ بگولہ ہو گئے مگر اس کے باوجود جاتے جاتے وہ ایسی بات کہہ گئے ہیں کہ پاکستانیوں کے دل میں ان کا احترام مزید بڑھ جائے گا۔

شین واٹسن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں کہا ” کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل چند افراد کو الوداع کہنا چاہتا ہوں۔ پی ایس ایل کے پانچ ہفتے بہت شاندار رہے اور کراچی کا دورہ بہترین تھا۔ ٹورنامنٹ ختم کرنے کا کیا ہی بہترین طریقہ تھا“۔