پشاور، انسداد پولیو مہم 25مارچ سے شروع ہوگی

ڈویژنل سطح پر 7لاکھ ایک ہزار چار سو پندرہ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین پلائی جائیں گی

پیر 18 مارچ 2019 23:00

پشاور، انسداد پولیو مہم 25مارچ سے شروع ہوگی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) کمشنر مردان ڈویژن مطہر زیب خان نے کہا ہے کہ ڈویژنل سطح پر 7لاکھ ایک ہزار چار سو پندرہ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین پلائی جائیں گی۔ یہ مہم25 مارچ سے 28مارچ تک جاری رہیگی۔ جبکہ جن یونین کونسلز میں پولیو کے قطرے پلانے کے عمل میں مسائل درپیش ہو ں، ان کو ترجیح بنیادوں پر فوقیت دی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر، ڈپٹی کمشنر صوابی سلمان لودھی ، ڈی ایچ اوز ، ڈویژنل سٹاف آفیسر ڈاکٹر اصغر ، ڈی ایس پی سیکورٹی مردان شیر آمان خان، ڈبلیو ایچ او کے ڈویژنل اور صوبائی نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل ان سٹاف آفیسر ڈاکٹر اصغر خان نے کمشنر مردان ڈویژن کو پچھلی اور آنیوالی پولیو مہم کی تیاریوں کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع مردان میں 2274موبائل ٹیمیں اور ضلع صوابی میں 939 موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ کمشنر مردان ڈویژن نے پولیو مہم کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوئی بھی رکاوٹ برداشت نہیں کیجائیگی اور اسکی شفاف رپورٹ تیا ر کرکے متعلقہ ڈی سیز کو فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو موذی مرض ہے اور اسکے خاتمے کیلئے ہم سب کو ملکر ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ اس مرض سے چھٹکارا پایا جاسکے ۔ انہوں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ انکاری والدین کو منانے کے لئے علمائے کرام ، بلدیاتی نمائندے اور ضلع انتظامیہ مشترکہ طور پر مثبت کردار ادا کریں۔ تاکہ آئندہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ پائے۔