نیوزی لینڈ حکومت کا10یوم میں قانونی اصلاحات کا اعلان قابل تقلید ہے : خرم نواز گنڈاپور

ہم 70ہزار قربانیوںکے بعد بھی دہشت گردی سے نمٹنے کی جامع پالیسی نہ بنا سکے ں*ڈاکٹر طاہرالقادری نے فروغ امن نصاب دیا، منہاج یونیورسٹی نے سکول آف پیس قائم کیا

منگل 19 مارچ 2019 22:43

نیوزی لینڈ حکومت کا10یوم میں قانونی اصلاحات کا اعلان قابل تقلید ہے : ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے بیان دیا ہے کہ مساجد میں دہشتگردی کے واقعہ کے 10دن کے اندر ملک میں اسلحہ قوانین میں اصلاحات لانا چاہتے ہیںجبکہ پاکستان میں 70ہزار سے زائد جانی قربانیوں کے بعد بھی دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے کوئی جامع پالیسی نہ بن سکی، سانحہ اے پی ایس کے بعد 2015 ء میں تمام جماعتوں نے اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان منظور کیا مگر 4سال گزر جانے کے بعد بھی اس پر من و عن عمل درآمد نہ ہو سکا اور اب سن رہے ہیں کہ اس ضمن میں 28 مارچ کوکوئی پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل اجلاس بلایا گیا ہے ،خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے امن نصاب اور درجنوں کتب پر مشتمل جامع نصاب ترتیب دیا جو شائع ہو چکا ہے، اس کے علاوہ ان کے حکم پر منہاج یونیورسٹی لاہور میں سکول آف پیس اینڈ ریلیجنز قائم کیا گیا جہاں تمام مذاہب کے طلباء و طالبات اور اساتذہ ایک چھت کے نیچے بین المذاہب رواداری کی تعلیم دے رہے ہیں اور صوفیائے کرام کی انسان دوست تعلیمات اور کردار سے آئندہ نسلوں کو روشناس کروانے کیلئے ’’تصوف سنٹر ‘‘قائم کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی سوسائٹی کو حقیقی معنوں میں پرامن بنانا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں اس کی ابتداء سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، مدارس سے کرنا ہو گی جب تک نوجوانوں کو امن کی فلاسفی سمجھ نہیں آئے گی اس وقت تک انتہا پسندی اور دہشتگردی ختم نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ امن کے حوالے سے ایک مفصل قومی بیانیہ کی ضرورت ہے جو سرکار کی فائلوں تک محدود نہ ہو بلکہ اس کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔ دریں اثناء منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ترجمان نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری20مارچ بروز بدھ کینال پیلس کینال روڈ فیصل آباد میں قرآن کانفرنس سے خطاب کرینگے۔چیئرمین سپریم کونسل فیصل آباد کے تنظیمی عہدیداروں، رہنمائوں اور مختلف جماعتوں کے سیاسی، سماجی رہنمائوں سے بھی ملاقات کرینگے۔