ْعبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت پر ڈی جی نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری ،3 اپریل کو جواب طلب

بدھ 20 مارچ 2019 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت پر ڈی جی نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عبدالعلیم خان کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر سید علی ظفر پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے ڈی جی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہاکہ نیب نے آف شور کمپنی کیس میں طلب اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں گرفتار کیا، تمام اثاثہ جات، ٹیکس ریٹرنز الیکشن کمیشن میں خود ظاہر کیے، سیاست کے دوران کبھی خرد برد یا کرپشن کا الزام نہیں لگا۔ 2003ء سی2007 ء تک صوبائی وزیر رہا، کوئی ٹھیکہ لیا نہ تنخواہ، بطور وزیر کبھی اختیارات سے تجاوز نہیں کیا، 2007ء میں وزارت کے 11سال بعد زائد اثاثوں کا کیس بنایا گیا، نیب کو جسمانی ریمانڈ کے دوران بے گناہی کے ثبوت دیئے، نیب نے تفتیش مکمل کرلی، جوڈیشل ریمانڈپرجیل میں ہوں، بے قصور ہوں، ضمانت منظور کی جائے۔

عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ڈی جی نیب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 3 اپریل تک ملتوی کردی۔