پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا راستہ کھلنے لگا

پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد اور غیر ملکی مہمانوں کے پیغامات حوصلہ افزاءثابت

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 مارچ 2019 13:41

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا راستہ کھلنے لگا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مارچ 2019ء) پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے کامیاب انعقاد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بھالی کا راستہ کھلنے لگا اور غیر ملکی مہمانوں کی جانب سے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات پر اطمینان کے پیغامات حوصلہ افزائی کا باعث ثابت ہوئے ہیں۔1998ءمیں آخری مرتبہ پاکستان آنے والی آسٹریلین ٹیم اگرچہ جمعے سے گرین شرٹس کیخلاف یو اے ای میں پانچ میچوں کی سیریز کا آغاز کرے گی لیکن پی سی بی حکام پرامید ہیں کہ آنے والے عرصے میں کئی انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آنے پر رضامند ہو جائیں گی۔

گزشتہ روز سابق مس آسٹریلیا ایرن ہالینڈ خوشگوار یادوں کے ساتھ اپنے وطن روانہ ہو گئیں جنہوں نے پی ایس ایل کے کمنٹری پینل میں خدمات کی انجام دہی کے دوران پاکستان میں زبردست مہمان نوازی کی تعریف کرنے میں بخل سے کام نہیں لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاکستان آمد کو یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ بہترین میزبانی کیلئے پی سی بی کی مشکور ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین رچرڈز نے پاکستانی مداحوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں بھرپور سپورٹ کرنے پر وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور پاکستان کے علاوہ کراچی کے شائقین کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے بڑی تعداد میں گراﺅنڈ پر پہنچ کر ٹیموں کا حوصلہ بڑھایا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی انتظامات مثالی رہے اور کوئی شک نہیں کہ اس ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی رونق جلد بحال ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کے تناظر میں یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ دہشت گردی صرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے لہٰذا ٹیموں کو دنیا کے کسی بھی خطے میں جانے سے انکار نہیں کرنا چاہئے اور پی سی بی کیلئے مستقبل قریب میں دیگر ممالک کو یہ بات سمجھانے میں زیادہ دقت پیش نہیں آئےگی۔