Live Updates

جنگ کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ، پاک بھارت فوجیں تاحال الرٹ ہیں

دہشتگردی کا واقعہ ہوا تو صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔ غیر ملکی ایجنسی رائٹرز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 مارچ 2019 14:16

جنگ کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ، پاک بھارت فوجیں تاحال الرٹ ہیں
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2019ء) : پاک بھارت کشیدگی میں دوبارہ اضافہ ہونے سے متعلق امریکہ نے خدشات کا اظہار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں کچھ کمی کے باوجود پاک بھارت تناؤ کے حوالے سے تاحال کئی خدشات ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی فوجیں تین ہفتے گزر جانے کے باوجود تاحال الرٹ ہیں ۔

اور یہ گذشتہ دہائیوں میں دو ملکوں کے مابین ہونے والی محاذ آرائی کی سب سے خطرناک صورتحال ہے۔ کوئی بھی دہشتگردی کا واقعہ ہونے کی صورت میں دونوں ملکوں کے مابین صورتحال دوبارہ خراب ہوجائے گی۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو ایک کار خود کش دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے براہ راست پاکستان پر عائد کیا تھا۔

(جاری ہے)

پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور 26 فروری کی رات بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب نصب ہتھیار پھینکتے ہوئے بھاگ نکلے تھے۔ جس کے بعد بدھ کی صبح 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔

پاک فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور حراست میں لے لیا تھا۔ جس کے اگلے روز ہی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ہم بھارتی پائلٹ کو امن کے فروغ کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی خوب سراہا گیا تھا۔

یکم مارچ کو جمعہ کے روز بھارتی پائلٹ ابھینندن کو پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔ پائلٹ کی حوالگی کے باوجود لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم نہیں ہوئی۔لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں بسنے والے افراد کو حفاظتی مقامات پر منتقل کیا گیا۔

پاک بھارت کشیدگی کم نہ ہونے کی وجہ سے پاک فوج ہمہ وقت الرٹ ہے۔ بھارت کے ساتھ حالات کشیدہ ہونے پر سرحد پر موجود افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ اور ایسے میں عوام کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے سرحدی علاقوں میں بسنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم اب امریکی ایجنسی کی رپورٹ میں پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات