میئر کراچی کی آتشزدگی کے دوران 30افراد کو بروقت زندہ نکالنے پر محکمہ فائر بریگیڈ کو شاباش

جمعرات 21 مارچ 2019 18:04

میئر کراچی کی آتشزدگی کے دوران 30افراد کو بروقت زندہ نکالنے پر محکمہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے گلشن اقبال میں 11 منزلہ عمارت میں آتشزدگی کے دوران پھنسے ہوئے 30 افراد کو بروقت زندہ نکالنے اور آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لئے تیز رفتار اقدامات کرنے پر محکمہ فائربریگیڈ کو شاباش دی ہے اور کہا کہ محدود وسائل میں ہمارے فائربریگیڈ کے عملے نے ہمیشہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس دوران ہمارے فائر مین شہید بھی ہوگئے مگر فرائض سے غفلت نہیں برتی، انہوں نے چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی سے کہا کہ میری جانب سے ان تمام فائرمینوں کو جو اس آتشزدگی کو بجھانے میں مصروف رہے مبارکباد اور شاباش دی جائے، چیف فائر آفیسر نے میئرکراچی کو واقعہ کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گو کہ آگ کم تھی جس پر فوراً قابو پالیا گیا مگر عمارت کا اسٹرکچر ایسا ہے کہ اس میں بالکونی یا ڈک نہیں رکھی گئی اور یہ عمارت مکمل طور پر بند ہے جس کی وجہ سے عمارت میں دھواں بھر گیا کچھ لوگوں نے عمارت سے چھلانگ لگا دی جس کی وجہ سے کچھ زخمی اور ہلاکتیں ہوئیں تاہم فائربریگیڈ کے اہلکاروں نے عمارت کے زینے کے ذریعے 11 منزلوں سے 30 افراد کو بحفاظت نکال لیا، اس کارروائی میں 7 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکل، ایک ایسکیوٹر کی مدد سے انسانی جان و مال بچانے کے لئے اقدامات کئے گئے۔