تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اورقائدین کے خلاف مقدمہ67درج کرلیا

سینیٹرمصطفی نواز کھوکھر،راجہ شکیل عباسی سمیت70جیالوں کو نامز د کیا گیا ہے

جمعرات 21 مارچ 2019 23:41

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) گذ شتہ روز قبل سابق صدر اورپاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی نیب پیشی کے موقع پرپولیس اورکارکنوں کے درمیان ہونے والے تصادم پرتھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اورقائدین کے خلاف مقدمہ67درج کرلیاہے۔مقدمہ میں سینیٹرمصطفی نواز کھوکھر،راجہ شکیل عباسی سمیت70جیالوں کو نامزدکیاگیاہے۔

ایف آئی آر میں پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے،کارسرکار میں مداخلت،توڑپھوڑ کی دفعات سمیت غیرقانونی جلوس نکالنے،حکومتی اداروں کے خلاف توہین آمیزنعروں کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں مصطفی نواز کھوکھرکی گرفتاری کے لئے چیئرمین سینیٹ سے رابطہ کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ کی اجازت کے مصطفی نواز کھوکھرکی گرفتاری کا امکان ہے۔ایف آئی آر کے متن میں ذکرکیاگیاہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکن جلوس کی شکل میں نادراچوک آئے۔

کارکن حکومت،نیب کیخلاف توہین آمیزنعرے لگارہے تھے۔علاقہ مجسٹریٹ نے دفعہ ایک سوچوالیس نافذ کررکھاہے۔ہجوم کو اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے منتشرہونے کا کہاگیالیکن پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا۔کارکن رکاوٹیں توڑ کر نیب آفس کے بیرونی گیٹ تک پہنچ گئے۔ایف آئی آر میں ذکرکیاگیاہے کہ جیالوں کے حملہ میں 9پولیس اہلکار اورصحافی زخمی ہوئے۔حملہ کرنے والے پیپلزپارٹی کے بیس کارکنوں کو گرفتارکیاگیاجبکہ مصطفی نوازکھوکھراورراجہ شکیل سمیت پچاس افراد فرارہوگئی.۔پو لیس نے کا روائی کر تے ہو ئے مقد مہ نمبر 67زیر دفعا ت 147/149/353/186/188درج کیا ہے ۔