پولیس سے جھڑپ کے دور ان گرفتار پیپلز پارٹی کے بیس کارکنوں کی درخواست ضمانت منظور

سلیکٹڈ حکمران دھرنوں کا وقت یاد رکھیں،دھرنے کے وقت ملک کو یرغمال بنانا کیا حلال تھا محمد ہمایوں خان پیپلزپارٹی احتساب سے نہیں ڈرتی کٹھ پتلی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 22 مارچ 2019 14:50

پولیس سے جھڑپ کے دور ان گرفتار پیپلز پارٹی کے بیس کارکنوں کی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی نیب پیشی کے موقع پر پولیس سے جھڑپ کے دور ان گرفتار پیپلز پارٹی کے بیس کارکنوں کی درخواست ضمانت منظور کرلی ۔ جمعہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد نے ضمانت منظور کر لی،تمام افراد کو دس ، دس ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی خیبر پختونخواہ صدر محمد ہمایوں خان نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے پی کے کارکنان عدالتوں میں پیش ہوئے اور ضمانتیں منظور کر لی گئیں۔ محمد ہمایوں خان نے کہاکہ ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج سے تشدد ہوا۔ محمد ہمایوں خان نے کہاکہ آمرانہ جمہوریت میں ہمارے کارکنوں کو جیلوں میں بند کیا گیا۔

(جاری ہے)

محمد ہمایوں خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی قیادت اور جیالے جھکنے والے ہیں نہ ڈرنے والے ہیں۔

محمد ہمایوں خان نے کہاکہ سلیکٹڈ حکمران دھرنوں کا وقت یاد رکھیں۔ انہوںنے کہاکہ دھرنے کے وقت ملک کو یرغمال بنانا کیا حلال تھا ۔محمد ہمایوں خانے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت اپنی گرفتاریوں کو ظلم عظیم کہتے رہی۔ ہمایوں خان نے کہا کہ آمرانہ سلیکٹڈ حکومت میں اپنے حق کے لئے آواز بلند کرنا جرم بن گیا ہے۔ محمد ہمایوں خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی احتساب سے نہیں ڈرتی کٹھ پتلی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ۔