دُبئی : نیوزی لینڈ دہشت گرد حملوں کی حمایت کرنے والا بھارتی ملازم نوکری سے فارغ

سوشل میڈیا پر شرمناک میسج پوسٹ کرنے والے کو ڈی پورٹ بھی کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 مارچ 2019 15:36

دُبئی : نیوزی لینڈ دہشت گرد حملوں کی حمایت کرنے والا بھارتی ملازم نوکری ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ 2019ء) گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کی واردات میں50 سے زائد مسلمان نمازی شہید ہو گئے تھے۔ اس واقعہ پر دُنیا بھر میں افسوس اور غم و غصّے کا اظہار کیا گیا۔ تاہم امارات میں ملازمت کی غرض سے موجود ایک بھارتی ملازم نے سوشل میڈیا پر دہشت گردی کے اس واقعے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔

جس پر امارات بھر میں اشتعال کی لہر دوڑ گئی تھی اور اس بدبخت شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ مودی کے مُسلم بیزار ایجنڈے کا حامی شخص دُبئی کی مشہور سیکیورٹی کمپنی ٹرانس گارڈ گروپ میں سیفٹی اور سکیورٹی افسر کے طور پر تعینات تھا۔ اس اخلاقیات اور انسانیت سے عاری شخص نے فیس بُک پر اپنے پوسٹ میں نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمعہ کے اجتماع پر یہ حملے دیگر مساجد میں بھی ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

کمپنی کی جانب سے اپنے ملازم کے اس نامناسب پوسٹ پر سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ معروف سیکیورٹی کمپنی کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کمپنی کے اس بھارتی ملازم کی جانب سے فیس بُک اکاؤنٹ پر اشتعال انگیز پوسٹ کرنے پر اُسے نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس شخص نے رونی سنگھ کے فرضی نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ پر اپنی شرمناک پوسٹ کی تھی، تحقیقات کے بعد یہ شخص قصور وار ثابت ہو گیا۔

کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے حوالے سے کمپنی نے سخت پالیسی اپنا رکھی ہے،اسی لیے اس شخص کو نہ صرف نوکری سے فارغ کیا گیا ہے بلکہ اماراتی سائبر کرائم قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے بھی کر دیا، جنہوں نے اُسے فوری طور پر امارات سے ڈی پورٹ کر دیا ہے۔ آپ بھی ملازمت سے فارغ کیے گئے اس بھارتی ملازم کی مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی پر مبنی پوسٹ ملاحظہ کیجیے: