آئی جی پنجاب نے 23 مارچ کو شایان شان منانے اور صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے فیلڈ افسران کو مراسلہ جاری کر دیا

مارچ کے موقع پر ون ویلنگ اور پتنگ بازی پر عائد پابندی کے اطلاق کو ہر صورت یقینی بنایاجائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی‘مراسلہ

جمعہ 22 مارچ 2019 18:59

آئی جی پنجاب نے 23 مارچ کو شایان شان منانے اور صوبے بھر میں سکیورٹی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے 23مارچ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کے ساتھ ساتھ تمام فیلڈ افسران کو اس قومی دن کو اس کے شایان شان منانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام فیلڈ افسران کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں تمام اہم مقامات، سرکاری دفاتر، پارکس، مارکیٹوں اور بازاروں کے ساتھ ساتھ اہم شاہراہوں کے علاوہ تعلیمی اداروں ، ہسپتالوں ، ایئرپورٹس ، ریلوے اسٹیشنز اور بس ٹرمینلز پر سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کریں اور حساس علاقوں میں مسلسل پٹرولنگ کے ساتھ ساتھ پولیس ناکوں پر چیکنگ کے عمل کو بھی مزید بہتر بنائیں تا کہ پنجاب کے شہری اس قومی دن کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات میں بلا خوف و خطر حصہ لے سکیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے مراسلے میں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ 23 مارچ کے موقع پر پتنگ بازی اور ون ویلنگ پر عائد پابندی کے اطلاق کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اورون ویلنگ کو روکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں سے بھی سختی سے نمٹا جائے اور ان کے خلاف فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ اس قومی دن کے موقع پر انسانی جانوں کے ناحق ضیاع سے بچا جاسکے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی قابل برداشت نہیں ہو گی ۔

اس سلسلے میں جاری کیے گئے مراسلے میں فیلڈ افسران کو مزید کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں منعقد ہونے والی تمام تقریبات کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کریں اور تقریبات کی سیکیورٹی کے لیے پہلے سے مناسب انتظامات کریں اور عوام کی سیکیورٹی کے پیش نظر نہ صرف ان تقریبات کی مانیٹرنگ کا موثر انتظام کریں بلکہ تمام سینئر افسران بھی عوام کی حفاظت کے لئے فیلڈ میں موجود رہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ 23مارچ کے موقع پر خصوصی طور پر مساجد، گردواروں ،گرجہ گھروں اور دیگر اقلیتی عبادت گاہوں کی بھی مناسب سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائیں اور تمام حساس اور اہم مقامات کے گرد و نواح میں مسلسل پٹرولنگ کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے نقطہ نظر سے شہریوں اور معززین علاقہ سے بھی مسلسل رابطے میں رہیں تا کہ ہر پاکستانی خواہ وہ کسی بھی مذہب کا ہو اس قومی دن کو بھرپور طریقے سے مناسکے۔

اس کے علاوہ تمام فیلڈ افسران کو اس بات کا بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس قومی دن کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ساتھ پولیس لائنز میں پریڈز اور دیگر تقریبات منعقد کریں ۔ جس میں عوام کی شرکت کو یقینی بنائیں تا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد سازی کی فضا مزید ہموار ہو اور پولیس کی سروس ڈلیوری کے بارے میں عوام کو مناسب طریقے سے آگاہی مل سکے۔