صدر آزاد جموں و کشمیرسردار مسعود خان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے ملاقات

پاکستان اور آزاد کشمیر پر بھارتی جارحیت کے خلاف متفقہ مذمت کی قرارداد منظور کرنے پراظہار تشکر

پیر 25 مارچ 2019 17:34

صدر آزاد جموں و کشمیرسردار مسعود خان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) صدر آزاد جموں و کشمیرسردار مسعود خان نے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ کی طرف سے پاکستان اور آزاد کشمیر پر بھارتی جارحیت کے خلاف متفقہ مذمت کی قرارداد منظور کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی طرف سے بھارتی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور بے گناہ عوام پر مظالم کی مذمت اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حق میں وقتاً فوقتاًقراردادوں کی منظوری اور یکجہتی کے اظہار پر بھی سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے اور جب تک کشمیری عوام کو اُن کا بنیادی اور پیدائشی حق ، حق خود ارادیت نہیں مل جاتا یہ حمایت جاری رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پارلیمانی سفارت کاری بڑی اہمیت رکھتی ہے اور پاکستان اس مئوثر ہتھیار کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اُجاگر کرنے اور کشمیریوں کے انصاف پر مبنی حق خود ارادیت کے مطالبے کے لئے استعمال کرتا رہے گا۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ ایک دوسرے سے متصل علاقے ہیں اس لئے دونوں علاقوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر معاشی ، تجارتی اور ثقافتی ترقی کے لئے کوششیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مانسہرہ ، مظفرآباد، میرپور ایکسپریس وے کی تعمیر سے دونوں خطوں کے عوام کو سفری سہولتیں اور تجارتی فوائد حاصل ہوں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے سپیکر قومی اسمبلی کو آذاد کشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔