کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور حادثات میں 3افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے

بدھ 27 مارچ 2019 00:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور حادثات میں 3افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ کراچی کے علاقے نیو کراچی میں مسلح ڈاکوئوں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پانی کے کنویں میں ڈوب کر خاتون جاں بحق جبکہ اولڈ ایریا میں فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے سندھی ہوٹل کے قریب مسلح ملزمان نے نمکو کی دکان لوٹنے کی کوشش کی۔

مزاحمت پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے 15 سالہ آفتاب موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مقتول آفتاب کا تعلق پنجاب کے علاقے وہاڑی سے بتایا جاتا ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹائون ایل بلاک فٹبال چورنگی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ملیر میمن گوٹھ میں داستان چنا علی اسٹاپ کے قریب پانی کے کنویں میں گر کر خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ موتن داس مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔