وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا خالق آباداور قلات کا دورہ،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگونے شاندار استقبال کیا،وزیراعلیٰ کوبلوچی ثقافتی ستار بھی پہنایا

ہفتہ 6 اپریل 2019 23:38

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا خالق آباداور قلات کا دورہ،صوبائی ..
کوئٹہ۔06اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2019ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی نے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کے خصوصی دعوت پر انکے حلقہ انتخاب خالق آباد اور قلات کے دورہ پر ہفتہ کے روز خالق آباد پہنچے جنکا صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے شاندار استقبال کیا، اس موقع پر خالق آباد اور قلات کے علاقوں سے آئے ہوئے قبائلی عمائدین، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات اور ہزاروں کی تعداد نوجوانوں موجود تھے، وزیراعلی بلوچستان اور دیگر مہمانوں کا خالق آباد پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، استقبالیہ پر کھڑے بچوں نے مہمانوں پر پھول نچاور کیئے اور گل دستے بھی پیش کیئے،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو وزیراعلیٰ بلوچستان اور ان کے ہمراہ آنے والے مہمانوں جن میں صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری، سینیٹر منظور احمد کاکڑ، آغا شکیل احمد درانی، سردار نور احمد بنگلزئی، میر رامین محمد حسنی و دیگر شامل تھے کو بلوچی ثقافتی ستار پہنایا اور روایتی تحائف (SOUVENIRS) دیئی- چونکہ وزیر اعلی بلوچستان کو ہیلی کاپٹر (helicopter) کے ذریعے خالق آباد پہنچنا تھا اسی غرض سے خالی کوٹ لانگو کے سنگم میں وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کے اترنے کے لیے عارضی طور پر ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا تھا، وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر مقررین کے لیے خصوصی اسٹیج جبکہ دیگر مہمانوں اور سامعین کے لئے 5 ہزار سے زائد کرسیوں پر مبنی پنڈال بھی سجایا گیا تھا، خالق آباد آنے والے مہمانوں کے تواضع کے لئے خالق آباد اور بلوچی رسم و رواج کے مطابق روایتی کھانا جن میں سجی، کُرنو (ایک خاص قسم کی دوٹی)، روسٹ دوسرے انواع کے کھانے پیش کیے گئی- وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ کی ہدایت کے مطابق خالق آباد آنے والے مہمانوں کی خاطر مدارت اور خدمت و تواضع میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں چھوڑی گئی، یہ بات نہایت اہم اور قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی بلوچستان کے وہ پانچویں وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے خالق آباد کا دورہ کیا ہے، اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان مرحوم جام محمد یوسف، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالملک اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو خالق آباد کا دورہ کر چکے ہیں، اپنے دورہ کے موقع پر وزیر اعلی نے خالق آباد کے عمومی نوعیت کے منصوبوں اور خالق آباد کمپلیکس کا بھی دورہ کیا، دریں اثناء وہ قلات کے دورہ پر بھی پہنچے، اس تمام عمل کے دوران صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے اور وزیر اعلی کو خالق آباد اور قلات میں امن و امان کی صورتحال قلات اور خالق آباد میں جاری اور مجوزہ منصوبوں اور دیگر اہمیت کے حامل امور کے بارے میں وقتاً فوقتاً آگاہ کرتے جا رہے تھے، وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزراء، سینٹرز اور دوسرے سیاسی شخصیات قلات اور خالق آباد میں صحت، تعلیم، کھیل، زراعت اور دیگر منصوبوں کی بہتر اور شفاف تکمیل پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا ء لانگو کی مستعدی اور فعالیت کی تعریف کیئے بغیر نا رہ سکے۔