مسلم لیگ ن کو ابھی مزید تنگ کیا جائے گا

سینئیر صحافی و تجزیہ کار نجم سیٹھی کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 12 اپریل 2019 12:28

مسلم لیگ ن کو ابھی مزید تنگ کیا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی و تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا کہ اطہر من اللہ صاحب ، جو جج تھے ، نے نواز شریف کو ایون فیلڈ کیس میں جو سزا ہوئی تھی اُس دوران کافی سخت ریمارکس دئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی اور آپ ان کو جیلوں میں ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے نیب کو کافی زیادہ جھاڑا تھا۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ نیب میاں صاحب کے کیسز میں اپیلیں کر رہی ہے، جب مقصد ہی تنگ کرنا اور ہراساں کرنا ہے تو پھر اپیلیں ہی ہوں گی۔ کیس بنانا بہت آسان ہے، گرفتار بھی راتوں رات کر لیا جاتا ہے اور کسی کی عزت بھی راتوں رات اُچھالی جا سکتی ہے۔ انصاف کی توقع صرف اور صرف عدالتوں سے ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

میاں صاحب کے ساتھ اطہر من اللہ نے انصاف کیا، حنیف عباسی کے کیس میں بھی تھوڑا سا انصاف ہوا۔

ایسے فیصلے ہونے چاہئیں تاکہ عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال رہے اور یہ تاثرقائم ہو کہ عدلیہ کسی دباؤ میں نہیں آتی نہ ہی کسی کے دباؤ میں آ کر فیصلے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھوکھلے کیس دائر کیے جاتے ہیں اور اس طرح کے کیسز سے پی ٹی آئی کا ہی نقصان ہوتا ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ابھی اس طرح کی کئی اور اپیلیں بھی کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ نیب نے بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر کرپٹ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت کرپٹ افراد کے خلاف ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے خفیہ ایجنسیوں کی مدد لی جا رہی ہے، خفیہ ایجنسیوں کی مدد کے ساتھ کرپٹ اور بااثر افراد کے خلاف مواد اکٹھا کیا جائے گا جس کے بعد نیب کی جانب سے مزید گرفتاریاں عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔